Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جاری

خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے...
شائع 31 مارچ 2022 11:36am
Photo: APP
Photo: APP

خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ جاری ہے۔

اس حوالے سے آج (جمعرات) کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کے پی میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ دسمبر میں ہوا تھا، جہاں حکمران پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا لگا تھا، کیونکہ اپوزیشن جماعتوں، خاص طور پر جے یو آئی فضل نے واضح کامیابی حاصل کی تھی۔

دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گی۔

ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، اپر اور لوئر کوہستان، کولائی پلاس، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، لوئر اور اپر دیر، اپر اور لوئر چترال میں ہونے والے انتخابات میں مختلف کیٹیگریز کے لیے کل 28,020 امیدوار میدان میں ہیں۔

سابق قبائلی اضلاع کرم، اورکزئی، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ 18 اضلاع کی 65 تحصیلوں میں ہو رہی ہے، جہاں کل 80 لاکھ 57 ہزار 474 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں سے 44 لاکھ 89 ہزار 771 مرد ووٹرز جبکہ 35 لاکھ 67 ہزار 703 خواتین ہیں۔

الیکشن کمیشن نے 6,176 پولنگ اسٹیشنز میں سے 1,646 پولنگ اسٹیشنز کو "انتہائی حساس"، 2,326 "حساس" اور 2,069 نارمل قرار دیا ہے۔

صوبے بھر کے حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔

KPK govt

local body election