Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

قومی اسمبلی کا اجلاس تحریک عدم اعتماد پر کارروائی کے بغیر 28 مارچ تک ملتوی

اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر قوانین کے مطابق کارروائی کروں گا، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر
اپ ڈیٹ 25 مارچ 2022 02:37pm

اسلام آباد: اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر کارروائی کے بغیر 28 مارچ بروز پیر شام 4 بجے تک ملتوی کردیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکراسد قیصرکی زیرصدارت ہوا، تلاوت قرآن پاک کے بعد اجلاس میں مرحوم اراکین اسمبلی، سابق صدر رفیق تارڑ، سینیٹر رحمان ملک، پشاور مسجد دھماکے میں شہید ہونے والوں اور وفات پانے والے دیگر اراکین کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔

وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری کی جانب سے دعائے مغفرت کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے اجلاس پیر 28 مارچ شام 4 بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی روایات کا حصہ ہے کہ اگر کسی رکن پارلیمنٹ کا انتقال ہوا ہو تو اس روز کا اجلاس ایک روز کیلئے ملتوی کر دیا جاتا ہے اور میں بھی اس روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک روز کیلئے اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر قوانین کے مطابق کارروائی کروں گا۔

خیال رہے کہ آج ہونے والے اسمبلی اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کیا گیا تھا جس میں وزیراعظم عمران خان کلاج ف تحریک عدم اعتماد بھی شامل تھی۔

قومی اسمبلی اجلاس کیلئے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے اور ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ کر کے حساس علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔

اسلام آباد پولیس، رینجرز اور ایف سی کی نفری کو جگہ جگہ تعینات کیا گیا، کسی بھی غیر متعقلہ شخص کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم ریڈ زون جانے والے ملازمین اپنے دفتر کا کارڈ دکھا کر جانے کی اجازت دی گئی۔

قومی اسمبلی اجلاس کیلئے ایم این ایز کو ہدایت نامے بھی جاری کر دیے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس میں مہمانوں کے داخلے پر پابندی ہو گی، اس کے علاوہ ایم این ایز، وزرا کے سکیورٹی گارڈز اور ذاتی عملہ ساتھ لانے پر بھی پابندی ہو گی۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ مخصوص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنےکے پابند ہوں گے، ایم این ایز کیلئے پارلیمنٹ لاجز سے پارلیمنٹ ہاؤس تک شٹل سروس شروع کی جائےگی۔

وفاقی دارالحکومت کی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں داخلے اور باہر نکلنےکی اجازت صرف مارگلہ روڈ سے ہے، سرینا چوک، نادرا چوک، ایکسپریس چوک اور ایوب چوک ریڈ زون میں داخلے اور باہر نکلنے کیلئے بند رہیں گے۔

اسلام آباد

National Assembly

no confidence motion

speaker asad qaiser