Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج، وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل

قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس کی صدارت اسپیکر اسد قیصر کریں گے، آج ہونے والے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔
اپ ڈیٹ 25 مارچ 2022 09:44am

اسلام آباد: تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اپوزیشن کے مطالبے پر قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا، سیکریٹریٹ نے ایجنڈا جاری کردیا جس میں وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے۔

قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس کی صدارت اسپیکر اسد قیصر کریں گے، آج ہونے والے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا،جس میں وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل کی گئی ہے۔

ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ ایوان کے 152 ارکان کی رائے ہےکہ وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں،لہٰذا انہیں عہدے سے ہٹا دیاجائے۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے روایات کے مطابق اجلاس کو پی ٹی آئی کے ممبر کی رحلت کے باعث اجلاس کو تعزیتی ریفرنس میں تبدیل کرکے ملتوی کرنے کا امکان ہے، ایسا ہونے کی صورت میں اپوزیشن کی جانب سے ایوان میں شدید احتجاج کا بھی قومی امکان ہے۔

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ اپوزیشن ایوان میں پاور شو کرے گی اور اپنے تمام ارکان کو اجلاس میں شریک ہونے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے ارکان کو اجلاس میں حاضر ہونے کیلئے کوئی خصوصی ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی اجلاس اس وقت حکومتی اتحاد کے پاس 179 جبکہ اپوزیشن کے پاس 162 ممبران ہیں۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کیا تھا تاہم اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اجلاس کا ایجنڈا جاری نہیں کیا گیا تھا جس پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید کی جارہی تھی۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ایم این ایز کے نام ہدایت نامہ جاری کردیا

دوسری جانب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آج ہونے والے اجلاس میں شرکت کے سلسلے میں ایم این ایز کے نام ہدایت نامہ جاری کردیا۔

ہدایت نامے کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں ایم این ایز کے گاڑی میں آمدپر پابندی عائد کی گئی ہے،ایم این ایز کو شٹل سروس کے ذریعے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچایا جائے گا جبکہ اراکین پارلیمنٹ مخصوص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کے پابند ہوں گے۔

ہدایت نامے کے مطابق قومی اسمبلی سیشن میں مہمانوں کے داخلے پر پابندی ہوگی، ایم این ایز،وزراء کے سیکیورٹی گارڈز اور ذاتی عملہ لانے پر پابندی ہوگی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں،انتظامات کا مقصدایم این ایز کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانا ہے۔

ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ

ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ جانے والے راستوں پر بھاری نفری تعینات رہے گی، ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور اسے مکمل طور پر سیل کیا گیا ہے۔

ریڈ زون میں داخلی اور خارجی ایک ہی راستے سے مارگلہ روڈ کو کھلا رکھا گیا ہے، جہاں اسلام آباد پولیس، رینجرز اور ایف سی کی نفری تعینات کی گئی ہے۔

کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، ریڈ زون جانے والے ملازمین اپنے دفتر کا کارڈ دکھا کر جا سکتے ہیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون میں داخلے اور باہر نکلنے کی اجازت صرف مارگلہ روڈ سے ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ سرینا چوک، نادرا چوک، ایکسپریس چوک، ایوب چوک ریڈ زون میں داخلے اور باہر نکلنے کیلئے بند رہیں گے۔

pm imran khan

اسلام آباد

Asad Qaiser

National Assembly

no confidence motion