Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اکبر ایس بابر نے وزیراعظم عمران خان کو مناظرے کا چیلنج دے دیا

اکبر ایس بابرنے غیرملکی فنڈنگ کیس ایک میگا فنڈنگ اسکینڈل قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے یومیہ بنیادوں پر سماعت کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
شائع 24 مارچ 2022 03:30pm

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماء اکبر ایس بابرنے 11افراد سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کو مناظرے کا چیلنج دے دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے درخواست گزاراکبرایس بابرنے کہا کہ 8سال سے فارن فنڈنگ کیس چل رہا ہے،اسکروٹنی کمیٹی نے 4سال لگائے، اسٹیٹ بینک سے پی ٹی آئی کا ریکارڈ اسکروٹنی کمیٹی کے پاس آیا، اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پر پی ٹی آئی نے جواب دینے میں ڈھائی ماہ لگا دیئے۔

اکبر ایس بابر نے بتایا کہ 15 مارچ کو پی ٹی آئی نے جواب الیکشن کمیشن کو جمع کرایا، پی ٹی آئی نے کہا کہ اکبر ایس بابر کو ہمارا جواب نہ دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اسٹیٹ بینک کے ذریعے آئے 11 اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا، پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ 11 اکاونٹ جو اسٹیٹ بینک سے آئے ہیں وہ نامعلوم ہیں، پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ 11 اکاؤنٹس غیرقانونی انداز سے کھولے گئے۔

اکبر ایس بابر نے مزیدکہا کہ 23 ملین روپے کی رقم ان اکاؤنٹس میں تھی، یہ اکاؤنٹس کن لوگوں نے کھولے؟ یہ اکاؤنٹس اسد قیصر، شاہ فرمان، احسن رشید، محمود الرشید، سیما ضیاء، جہانگیر رحمان، نعیم الحق مرحوم اور ظفر الحق نے کھولے، ان لوگوں نےجو اکاؤنٹس کھولے ان سے پی ٹی آئی نے لاتعلقی ظاہر کر دی ہے۔

درخواست گزار اکبرایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کہا ان اکاؤنٹس میں جو پیسہ آیا پی ٹی آئی اس کی جوابدہ نہیں ہے، پی ٹی آئی قیادت نے یہ جواب جمع کرا کے اپنی لیڈر شپ پر فرد جرم عائد کر دیا، الیکشن کمیشن ان افراد کو نوٹس جاری کرے، ان سے جواب طلبی ہونی چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اسد قیصر، شاہ فرمان اور عمران اسماعیل پر الزام لگایا ہے، یہ افراد استعفیٰ دیں، ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔

سابق رہنما ءپی ٹی آئی کا مزیدکہنا تھا کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس ایک میگا فنڈنگ اسکینڈل ہے، عمران خان کے پاس اب وزیر اعظم رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے، خان صاحب کہتے ہیں کہ انہیں دنیا میں سب کچھ ملا لیکن لگتا ہے کوئی چیز رہ گئی ہے۔

اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ عمران خان اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ اسکروٹنی کمیٹی نے مجھے کلیئر کر دیا ہے، عمران خان رپورٹ تو پڑھیں جس میں میرے تمام الزامات کو ثابت کر دیا گیا ہے، یہ تو میری جیت ہے۔

درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ میرے ساتھ لائیو مناظرہ کریں، آج عمران خان سچ بھی بولیں تو لوگ شک کی نظر سے دیکھتے ہیں، عمران خان 7سال سے احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔

اکبر ایس بابرنے غیرملکی فنڈنگ کیس ایک میگا فنڈنگ اسکینڈل قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے یومیہ بنیادوں پر سماعت کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

pm imran khan

اسلام آباد

akber s baber

Chellange