او آئی سی کے خلاف مہم چلانے میں اپوزیشن نے بھارت اور اسرائیل کو پیچھے چھوڑ دیا: فواد چوہدری
اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے او آئی سی کیخلاف مہم چلانے میں بھارت اور اسرائیل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ظہیر الدین بابر اعوان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان لوگوں کے لیے کتنا شرمناک ہے جنہوں نے کہا تھا کہ ہم دیکھیں گے کہ اسلام آباد میں او آئی سی کیسے ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی اجلاس کی حتمی تاریخوں کا اعلان تقریباً آٹھ ماہ قبل کیا گیا تھا،اگر اپوزیشن دس دن بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی قرارداد جمع کراتی تو کچھ نہ ہوتا۔
وزیر اطلاعات نے سوال کیا کہ اگر قومی اسمبلی کا اجلاس 22 مارچ کی بجائے 25 مارچ کو بلایا جائے تو اس میں کیا حرج ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ 21 جنوری کو قومی اسمبلی نے او آئی سی کونسل کے 48ویں اجلاس کے لیے اپنے چیمبر کو خصوصی طور پر استعمال کرنے کی اجازت دینے کی تحریک منظور کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی تمام کوششیں قومی مفاد کے خلاف لگ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ فضل الرحمان اور اس کا نام نہاد اتحاد او آئی سی کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کے لیے بھارت اور اسرائیل سے زیادہ کوششیں کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کی دھمکیوں کے سامنے ڈٹے رہے اور ان کے اور ان کی حکومت کے خلاف ان کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے۔
Comments are closed on this story.