اسد عمر نے مسلم لیگ (ق) کو پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی قرار دے دیا
اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کو پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی قرار دے دیا۔
پاکستان اوورسیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراسد عمر کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے شہری علاقوں میں سب سے زیادہ ووٹ ملے، گلگت بلتستان میں بھی سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت تحریک انصاف ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر سے کراچی ملک بھر کے پاکستانیوں کی پارٹی ہے جبکہ ق لیگ پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی، مسلم لیگ (ن) جی ٹی روڈ کی پارٹی اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی پارٹی ہے۔
وفاقی وزیراسد عمر نے عمران خان کو پاکستان کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور لیاقت علی خان کے بعد تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو بھی ناکام بنا دیں گے۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کو دباؤ کا شکار کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے، ملک کو مضبوط رکھنے کیلئے ہمارا متحد ہونا ضروری ہے، ملک میں اندرونی چیلنجرز کا سامنا ہے، مشکل حالات میں پاکستانیوں نے مقابلہ کرنا ہے، کامیابی کیلئے ملک کو متحد ہونا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم مل کر کسی بھی بھی مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔
Comments are closed on this story.