Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے، کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، وزیراعظم

کامرہ:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر...
اپ ڈیٹ 11 مارچ 2022 02:53pm

کامرہ:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے،کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سےنہیں دیکھ سکتا،اصل میں مسلح افواج کی طاقت تب بنتی ہے جب قوم ان کے پیچھے کھڑی ہو تی ہے۔

کامرہ میں جدید لڑاکا طیارے جے 10سی کی پاک فضائیہ میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جے 10سی کی شمولیت پر قوم کومبارکبادپیش کرتا ہوں،40سال پہلے پاک فضائیہ میں ایف16شامل ہوئےتھے،40سال بعد جے10سی پاک فضائیہ میں شامل ہوئےہیں ،جے10سی فراہم کرنےپرچین کے شکرگزارہیں،جس سے ہمارا دفاعی نظام مزید مضبوط ہوگا۔

عمران خان کا کہناتھا کہ ہمارا ملک بڑا خوش قسمت ہے کہ ہر فیلڈ میں ماہر موجود ہیں لیکن وہ پاکستانی ملک سے باہر ہیں، جیسے جیسے پاکستان آگے بڑھ رہاہے ، معیشت مستحکم ہو رہی ہے ، ہم اپنے سسٹم ٹھیک کر رہے ہیں ، یہ ٹیلنٹ بھی پاکستان واپس آئے گا ، ملک میں ہم ہر قسم کا ادارہ بنا سکتے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے پاکستانی قوم کی طرف سے آج اپنی مسلح افواج کو ایک پیغام دیناہے کہ ہمیں بہت اعتماد ہے کہ ہمارے پاس ایسی فوج ہے جو ہمارے ملک کا دفاع کر سکتی ہے ، ہمیں اعتماد ہے کہ کوئی بھی پاکستان کی طرف اگر میلی آنکھ سے دیکھے گا تو ان کو پتا ہو گا کہ ان کو بہت بڑا نقصان اٹھانا پڑے گا ، پلوامہ کے بعد بالا کوٹ پر حملہ ہوا جس طرح پاکستان کا جواب تھا ، اس سے پوری دنیا میں پیغام گیا کہ ہم پوری طرح سے دفاع کیلئے تیار ہیں ۔

وزیراعظم عمران خان کا مزیدکہناتھا کہ اصل میں مسلح افواج کی طاقت تب بنتی ہے جب قوم ان کے پیچھے کھڑی ہو تی ہے ، بڑی قربانیاں دے کر ہم نے یہ مشکل جنگ لڑی ہے اور کامیابی حاصل کی ، آمنے سامنے دشمن کی جنگ اور ہوتی ہے اور یہ جو جنگ ہماری فوج نے لڑی ہے یہ بہت مشکل کام تھا ، لیکن جس طرح ہماری مسلح افواج اور عوام نے اس کا سامنا کیا اس سے دنیا میں پیغام گیا کہ یہ وہ ملک ہے جو اپنی حفاظت کر سکتا ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ میری عمر پاکستان جنتی ہے ، آزاد ملک تب ہی آزاد رہ سکتا ہے جب وہ اپنی حفاظت کر سکتا ہے ، اپنی حکومت کی طرف سے پیغام دینا چاہتاہوں کہ ہماری ریکارڈ ٹیکس کولیکشن ہوئی ہے ، پاکستان میں پیسہ بن رہاہے ، جیسے جیسے ہمارا پیسہ بڑھے گا تو ہماری دو ترجیحات ہوں گی ، ایک غربت کم کرناہے اور دوسرا ہم اپنے دفاع کو مزید مضبوط کرنے کیلئے خرچ کریں گے ۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اصل طاقت یہ ہے کہ جنگ لڑنی ہی نہ پڑے ، لوگوں کو پتا چل جائے کہ ان کی تیاری پوری ہے ، میں اسکوارڈن 15 کو بھی مبارک باد دیتاہوں کہ انہوں نے ریکارڈ وقت میں طیاروں پر عبور حاصل کیا ۔

pm imran khan

Pakistan Air Force