Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ناظم الامور دفترخارجہ طلب، پاکستان کا شدید احتجاج

اسلام آباد:پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پربھارتی ناظم...
شائع 11 مارچ 2022 11:18am

اسلام آباد:پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پربھارتی ناظم الامورکو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا، ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ بھارتی حکومت یاد رکھے، ایسی لاپرواہی کے ناخوشگوارنتائج ہوسکتے ہیں، ہندوستان مستقبل میں ایسی کسی خلاف ورزی سے بچنے کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامورکو دفترخارجہ طلب کیا گیا، بھارت کی سپرسونک میزائل " تیز رفتار چیز " کی پاکستانی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی پر بھارت سے شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی علاقے'سورت گڑھ'سے9 مارچ کو شام 6بج کر43 منٹ پرفائرکیا گیا، جو 6 بج کر50منٹ پرمیاں چنوں میں زمین پرگرا تاہم بھارتی میزائل سے شہری املاک کو نقصان پہنچا، بھارتی سفارتکار کو شہری املاک کو پہنچنے والے نقصان سےآگاہ کیا جبکہ ہندوستانی میزائل سےانسانی جانوں کولاحق خطرات بھی باورکرائےگئے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ بھارتی اقدام فضائی حدود،عالمی اقدار،ہوابازی کے حفاظتی پروٹوکولز کی سنگین خلاف ورزی ہے ،ایسے غیرذمہ دارانہ واقعات بھارت کے فضائی حفاظتی اقدامات کو نظر انداز کرنے کے عکاس ہیں، بھارتی طرزعمل علاقائی امن واستحکام کی بے حسی کابھی عکاس ہے ۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ بھارتی ناظم الامور پاکستان کی شدید مذمت سے دہلی کو آگاہ کریں، بھارتی اقدام سنگین حادثے اور شہری ہلاکتوں کا سبب بن سکتا تھا ،مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائے، جس کے نتائج کا تبادلہ بھی کیا جائے۔

ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس واقعے کی مکمل اورشفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے ،پاکستان چاہتا ہے کہ تحقیقات کے نتائج کا تبادلہ کیا جائے، بھارتی حکومت یاد رکھے، ایسی لاپرواہی کے ناخوشگوار نتائج ہو سکتے ہیں، ہندوستان مستقبل میں ایسی کسی خلاف ورزی سے بچنے کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔

اسلام آباد

Foreign Office spokesman

asim iftikhar