Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ: پاکستان کے نوجوان کیوئسٹ احسن رمضان فائنل میں

پاکستان کے 16 سالہ احسن رمضان نے سیمی فائنل میں ہم وطن اور دفاعی چیمپئن محمد آصف کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔
شائع 11 مارچ 2022 11:14am

دوحا: انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے نوجوان کیوئسٹ احسن رمضان نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان کے 16 سالہ احسن رمضان نے سیمی فائنل میں ہم وطن اور دفاعی چیمپئن محمد آصف کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی، فائنل میں ان کا مقابلہ ایران کے عامر سرکوش سے ہوگا۔

دوحہ میں جاری آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے بیسٹ آف نائن فریمز پر مشتمل دونوں سیمی فائنلز فیصلہ کن فریم تک جاری رہے ۔

ٹاپ فور میں 3 پاکستانی شریک تھے تاہم ان میں سے صرف احسن رمضان فائنل تک رسائی حاصل کرسکے۔

16 سالہ احسن رمضان کا مقابلہ ہم وطن اور دفاعی چیمپئن محمد آصف سے تھا جس میں نوجوان کیوئسٹ نے بھرپور مہارت اور کنٹرول کے ساتھ ساتھ عمدہ تحمل کا مظاہرہ کیا، ابتدائی دو فریمز ہارنے کے بعد احسن نے تیسرا اور چوتھا فریم جیت کر مقابلہ برابر کیا۔

پھر ایک فریم آصف جیتے تو اگلا فریم احسن ، مقابلہ 4،4 سے برابر ہوا تاہم فیصلہ کن فریم میں ٹیبل پر جب آخری ریڈ بال باقی تھیں تو احسن کو ایک اسنوکر درکار تھا ۔

انہوں نے ہمت نہ ہاری اور آصف کو فاؤل میں مجبور کرتے ہوئے گیم میں واپسی بنائی اور پھر کلر بالز پوٹ کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کرلیا ۔

اس کے علاوہ دوسرے سیمی فائنل میں ایران کے عامر سرکوش نے پاکستان کے محمد سجاد کو 5،4 سے شکست دی ۔

میچ میں ایرانی کیوئسٹ نے شاندار انداز میں آغاز کرتے ہوئے ابتدائی 3 فریمز جیت کر برتری حاصل کرلی، چوتھا فریم سجاد نے جیت کر اپنا خسارہ کم کیا مگر پانچویں فریم میں عامر سرکوش نے ایک سو دو کی بریک کھیلتے ہوئے اپنی برتری کو ایک بار پھر 3فریمز بڑھادیا۔

چار ۔ ایک کے خسارے میں جانے کے بعد محمد سجاد نے یکے بعد دیگرے 3فریمز جیتے اور مقابلہ 4،4کردیا مگر فیصلہ کن فریم میں سجاد کو موقع نہ مل سکا ، وہ صرف ایک ریڈ بال ہی پاکٹ کرسکے جس کے بعد عامر نے 64 کی بریک کھیل کر کامیابی سمیٹ لی۔

آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا بیسٹ آف الیون فائنل آج بروز جمعہ کو پاکستانی وقت کے مطابق 3 بجے شروع ہوگا۔

doha