Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

تحریکِ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مکمل پلان تیار کر...
شائع 10 مارچ 2022 02:13pm

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مکمل پلان تیار کر رکھا ہے، اپوزیشن کوسمجھ نہیں آنی، پہلے بھی مافیا کا مقابلہ کیا اب بھی کروں گا، تحریکِ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء شاہ محمود، فرخ حبیب ، اسدعمر اور شفقت محمود سمیت قانونی ٹیم نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد سے نمٹنے سے متعلق مشاورت ہوئی جبکہ عدم اعتماد کی تحریک کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی بھی طے کر لی گئی، اجلاس میں اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر تفصیلی گفتگو بھی کی گئی ۔

سینئر رہنماؤں نے اپوزیشن کی تحریک ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، حذب اختلاف کے کئی ارکان ہمارا ساتھ دیں گے، اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکلنے والی ہے، اپوزیشن کو سرپرائز دیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ اپوزیشن کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں، مکمل پلان تیار کر رکھا ہے ، ان کوسمجھ نہیں آنی، پہلے بھی مافیا کا مقابلہ کیا اب بھی کروں گا۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا، پنجاب میں پیدا ہونے والے حالات پر قابو پا لیں گے ، تمام ارکان میرے ساتھ دیں گے، پریشانی کی کوئی بات نہیں۔

pm imran khan

opposition

اسلام آباد

no confidence motion