Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

رانا شمیم کو توہین عدالت کیس میں جواب جمع کرانے کا آخری موقع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کو...
شائع 07 مارچ 2022 11:20am

رپورٹ: آصف نوید

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کو توہین عدالت کیس میں جواب جمع کرانے کا آخری موقع دے دیا۔

اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے گلگت بلتستان کی سپریم ایپلیٹ کورٹ کے سابق جج رانا شمیم کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

سابق چیف جج رانا شمیم سے عدالت نے شوکاز نوٹس پر آج جواب طلب کیا تھا لیکن رانا شمیم کی جانب سے جواب جمع نا ہو سکا۔

رانا شمیم اور ان کے وکیل لطیف آفریدی نے آج پھر کیس ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ وکیل بیماری کی وجہ سے جواب کا ڈرافٹ نہیں دیکھ سکے لہذا جواب جمع کرانے کیلئے مزید وقت دیا جائے اور آج کیس ملتوی کی جائے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پوچھا کہ رانا صاحب کیا آپ نے بیان حلفی جمع کرا دیا ؟ جس پر رانا شمیم نے جواب دیا کہ میں نے آج کیس ملتوی کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نے کہا کہ ایسا نہیں ہوتا، اگر آپ کے وکیل نہیں تو کسی اور کو وکیل کر لیں، آپ کے بیان حلفی کی کوئی جواز نہیں صرف سیاسی بیانیہ بنایا ہے، جو کچھ پبلش ہوا وہ بہت سیریس ہے آپ نے جواب دینا ہے، پاکستان کے دو بڑے اخبارات نے آپ کا بیان حلفی شائع کیا، آپ نے انہیں کوئی نوٹس بھجوایا؟۔

رانا شمیم نے کہا کہ وہ بھی کریں گے، میں نے کوئی الزام نہیں لگایا نا لیک کیا نا کسی کو دیا ، یہ انہوں نے بتانا ہے کہ کس سورس سے انہوں نے بیان حلفی لیا، اگر یہ ذریعہ بتائیں گے تو میں نوٹس بھیج دوں گا۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ اگر انٹرا کورٹ اپیل ان کے وکیل کے دستخط سے ہو سکتی ہے تو بیان حلفی کیوں جمع نہیں ہو سکتا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے رانا شمیم کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4اپریل تک ملتوی کردی۔

IHC

اسلام آباد

Chief Justice Athar Minallah

Rana Shamim

ex cheif judge GB