ہمارے ارکان اسمبلی زرداری بہکاوے میں نہیں آئیں گے، وزیرخارجہ
میر پور خاص:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی ہوا نکل چکی ہے،ہمارے ارکان اسمبلی زرداری بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میر پورخاص میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈائیلاگ اینڈ ڈپلومیسی سے مسائل حل ہو سکتے ہیں اور ہمارا واضح مؤقف ہے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں،پاکستان 20 سال حالت جنگ میں رہا اور معاشی نقصانا ت کا سامنا کیا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ روس یوکرین جنگ میں شدت تمام یورپین ممالک کیلئے نقصان دہ ہو گا،ہم کسی گروپ کا حصہ نہیں بنیں گے،روس یوکرین تنازعہ پر منیر اکرم نے پاکستان کا مؤقف بہتر انداز میں پیش کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پولینڈ ہم منصب سے بات ہوئی اور انہوں نے مثبت تاثر دیا،یورپی ممالک خود تسلیم کر رہے ہیں کہ روس پر پابندیاں مسئلے کا مستقل حل نہیں،پولینڈ، ہنگری اور دیگر ممالک سے اپنے شہریوں کی حفاظت سے متعلق رابطے میں ہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مزیدکہا کہ پاکستانی سفارتخانے نے یوکرین میں بلا امیتاز بھارتی طلبہ اور شہریوں کو بھی مدد فراہم کی ہے جبکہ بھارتی طلبہ اور شہریوں کی امداد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی کیونکہ طلبہ گھبرائے ہوئے تھے۔
پاکستانی سیاست پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زرداری کی سیاست کو سمجھتے ہیں اورہمارے ارکان اسمبلی آصف علی زرداری کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے جبکہ ہمیں یقین ہے ہمارے ارکان اسمبلی اپنے مؤقف پر ڈٹے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مٹیاری میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے میرے قافلے کو روکنے کی کوشش کی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے تصادم کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن یہ بے نظیر بھٹو کی پارٹی کا شیوہ نہیں تھا اب یہ نئی پیپلز پارٹی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آصف زرداری کی مخالفت کے باوجود بےنظیر بھٹو نے مجھے پیپلز پارٹی پنجاب کا صدر بنایا تھا جبکہ آصف زرداری، احمد مختار کو پیپلز پارٹی پنجاب کا صدر بنانا چاہتے تھے،آصف زرداری مجھے سمجھ ہی نہیں پائے۔
Comments are closed on this story.