Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس اکھٹا کیا، وزیراعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کے اجراء کا آغاز کر دیا۔
اپ ڈیٹ 02 مارچ 2022 01:37pm

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس اکھٹا کیا،نظریہ پاکستان پر عمل نہ ہونے کی وجہ آگے نہیں بڑھ سکے، طاقتور کو معافی اور کمزور کو سزا دینے والا معاشرہ ختم ہو جاتا ہے، جس قوم میں انصاف نہ ہوتا ہو تباہ ہو جاتی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کے اجراء کا آغاز کر دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے تقریب سےخطاب کرتےہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک فلاحی ریاست بننا تھا، ہم نے اسلامی اصولوں پر پاکستان کو کھڑا کرنا تھا، جس نظریے کے تحت پاکستان بنا تھا ہم اس پر نہیں چلے، جو قوم اپنے نظریے سے ہٹتی ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی، جو انسان نظریے سے ہٹتا ہے وہ بھٹک جاتا ہے، جس قوم میں انصاف نہیں ہوتا وہ تباہ ہو جاتی ہے، جو قوم طاقتور کو چھوڑ کر کمزور کو سزا دے وہ تباہ ہو جاتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست مدینہ میں پہلی بارخواتین کوجائیدادمیں حق دیاگیا،انسانوں میں رنگ ونسل کافرق ختم کیا گیا، مسلمان ممالک میں ریاست مدینہ کےاصول نظرنہیں آتے،ریاست مدینہ کےاصول غیرمسلم ممالک میں نظر آتے ہیں، غیرمسلم ممالک میں خواتین اورغریبوں کوزیادہ حقوق حاصل ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں نے کئی سال تک دنیا کی امامت کی، بلاسود قرضوں کا پروگرام بہترین منصوبہ ہے، 45 لاکھ خاندانوں کو اس پروگرام میں لے کر آئے ہیں، رحمت اللعالمینؐ اتھارٹی کا کل افتتاح کر رہا ہوں، ایف بی آر نے پہلی بار پاکستان میں ریکارڈ ٹیکس ہدف حاصل کیا، دنیا میں تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ریاست کو اپنے کمزور طبقے کی ذمہ داری لینی چاہیئے۔

وزیراعظم عمران خان کا مزیدکہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایف بی آر نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے، ہمارے پاس پیسے زیادہ آئے جس پر بجلی کا فی یونٹ 5 روپے اور پیٹرول و ڈیزل 10 روپے فی لیٹرکم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم سے کہتا ہوں کہ جتنا ٹیکس دیں گے وہ پیسا نچلی سطح تک لگاؤں گا، سود کے بغیر قرضے دیئے جا رہے ہیں، اپنا گھربنانے کےلئج 20 لاکھ روپےکا قرض بغیرسود کے دے رہے ہیں، ہمارا مقصد ہےکہ لوگ اپنے پاؤں پرکھڑے ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ ہر شہر میں کچی آبادیاں بڑھتی جا رہی ہیں، کراچی میں 40 فیصد کچی آبادی ہے، لاہور میں بھی کچی آبادیاں بڑھ گئی ہیں، قرض بلا سود اس لئے دے رہے ہیں تاکہ غریب لوگ بھی اپنے گھر کا خواب دیکھ سکیں۔

وزیراعظم عمران خان کا مزیدکہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اب تک ڈھائی ارب روپے قرض دے چکی ہے جبکہ گھر بنانے کیلئے 55 ارب روپے کے قرضے نچلے طبقے کو دئیے گئے ہیں، اب نوجوانوں کو بلاسود 5 لاکھ روپے قرض دیں گے اور 2 سال کے دوران ایک ہزار ارب روپے دئیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ پر فخر ہے، مارچ کے آخر تک پنجاب کے تمام خاندانوں کے پاس ہیلتھ کارڈ آ جائے گا، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے اچھے سے اچھے اسپتال جاکرعلاج کرایا جا سکتا ہے۔

IK Address

pm imran khan

اسلام آباد

kamyab pakistan program