Aaj News

بدھ, جنوری 01, 2025  
29 Jumada Al-Akhirah 1446  

سینئر صحافی محسن بیگ نے درخواست ضمانت واپس لے لی

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 2ملازمین کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
اپ ڈیٹ 01 مارچ 2022 04:33pm

رپورٹ: آصف نوید

اسلام آباد: سینئر صحافی محسن بیگ نے درخواست ضمانت واپس لے لی، انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 2ملازمین کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

سینئر صحافی محسن بیگ کے ملازمین اشفاق اور ذوالفقار کی درخواست ضمانت پر سماعت جج محمد علی ورائچ نے کی۔

سماعت کے آغاز پر ہی وکلاء نے سینئر صحافی محسن بیگ کی درخواست ضمانت واپس لے لی۔

وکیل شہباز کھوسہ نے کہا کہ یہ تو تنخواہ دار ملازمین ہیں، گھر کا خرچہ مشکل سے چلاتے ہیں، ضمانت منظور کی جائے۔

پراسیکیوٹر سید طیب شاہ نے ملازمین کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرائل میں معلوم ہو گا ان ملزمان کا رول کیا ہے۔

سماعت کے دوران پولیس ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر دونوں ملازمین کی ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے دونوں ملازمین کی ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کی۔

اسلام آباد