Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان کے بھارت کیخلاف آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 3 سال مکمل

27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملاتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 2 جنگی طیارے مار گرائے تھے۔
شائع 27 فروری 2022 10:49am

راولپنڈی: پاکستان کے بھارت کیخلاف آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 3 سال مکمل ہو گئے، 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملاتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 2 جنگی طیارے مار گرائے تھے۔

پاکستان کے شاہینوں نے 3 سال قبل اس وقت بھارت کے نام نہاد سورماؤں کو چھٹی کا دودھ یاد دلا کر ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی جب بھارتی پائلٹوں نے پاکستان میں دخل اندازی کی کوشش کی۔

بالاکوٹ میں رات کے اندھیرے میں بھارتی جارحیت کا شاہینوں نے دن کے اجالے میں دندان شکن جواب دیا، پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی طیارہ مارگرایا۔

بھارتی پائلٹوں کی اس کوشش میں ایک پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا گیا تھا جس نے تباہ ہونے والے جنگی جہاز سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی اور پاکستانی حدود میں گرا۔

پاکستان کے شاہینوں نے بھارتی پائلٹ کو چائے پلائی جو فنٹاسٹک ٹی کے نام سے مشہور ہوئی جبکہ پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے تحت واپس بھارت کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

اس دوران بھارت نے اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے پاک فوج کا ایف 16 طیارہ گرانے کی مضحکہ خیز کہانی پھیلائی لیکن اس بے بنیاد دعویٰ کو پوری دنیا اور خود بھارتی عوام نے بھی نہ مانا۔

بھارت نے اپنی شرمندگی مٹانے کیلئے دنیا کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی اور پاکستان میں طیارہ گرانے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو ویر چکر ایوارڈ سے نواز دیا۔

اس معرکے سے منسوب پاک فضائیہ کی جنگی گیلری آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں ابھی نندن کے زیراستعمال یونیفارم اور جنگی ہوابازی میں استعمال ہونے والا سامان دشمن کی پسپائی کی داستان سنا رہا ہے۔

گیلری کی ایک دیوار پر ابھی نندن کے طیارے کو مار گرانے والے ونگ کمانڈر نعمان علی خان اور بھارت کے دوسرے جہاز کو مار گرانے والے اسکوارڈن لیڈر حسن صدیقی جبکہ بھارت کیخلاف اہم مشن میں شامل گروپ کیپٹن فہیم خان کی تصاویر بھی آویزاں ہیں۔

27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ کی جرات کا یہ پہلا واقعہ نہیں، پاکستان اور بھارت کے مابین جنگوں کے دوران پاکستان ائیرفورس کی جانب سے دشمن ملک کے ہوابازوں کو ناکوں چنے چبوانے اور انہیں کاری ضرب لگانے کی داستانیں بکھری پڑی ہیں۔

ISPR

Abhinandan

Operation Swift Retort