تحریک عدم اعتماد لانے والوں پر تو گھر والے اعتماد نہیں کرتے، فواد چوہدری
پنڈدادن خان: وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنے پاؤں پرچل نہیں سکتی، لانگ مارچ کیا کرے گی، تحریک عدم اعتماد لانے والوں پر تو گھر والے اعتماد نہیں کرتے۔
پنڈدادن خان میں میڈیا سے بات کرتےہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے آج عدالت میں کہا جو کاپیاں دیں وہ پڑھی نہیں جاتیں،سیاہی ٹھیک نہیں، چارج فریم پڑھا نہیں جارہا، شہبازشریف کو کاپیاں پڑھنے کیلئے بھی استاد کی ضرورت پڑی، اس طرح کے حربے اختیار کرکے یہ احتساب کے عمل سے بچ نہیں سکیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے عمران خان کو چیلنج کرتے ہیں اور خود اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہوسکتے، مارچ والوں سے مارچ کیا واک بھی نہیں ہونی، پیپلزپارٹی لبرل اور جے یو آئی مذہبی جماعت ہے مگر کس لےا ساتھ ہوئے، مولانا سمجھتے ہیں کہ مدرسے کے بچے لانگ مارچ کامیاب کرائیں گے اور بچے اکٹھے کرکے یہ لوگ حکومت بدل دیں گے، حکومت ایسے نہیں بدلتی، نظریہ دینا پڑتا ہے، محنت کرنا پڑتی ہے، یہ کہتے ہیں عدم اعتماد تحریک لائیں گے، ان پر تو اپنے گھر والے اعتماد نہیں کرتے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف قرضہ نہ لیتے تو آج ادائیگی کیلئےمزید نہ لینے پڑتے، نوازشریف لندن جانے کیلئے جھوٹ بول کرگئے، مریم صفدر بھی عدالتوں کے سامنے جھوٹ بول رہی ہوتی ہیں۔
وفاقی وزیرفوادچوہدری نے مزید کہا کہ عوام کے پیسے چوری کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ یہ پہلےعوام کا پیسہ لائیں اور پھر سیاست کریں، یہ لوگ عوام کے مجرم ہیں، بلاول بھٹو کی سیاست ختم ہورہی ہے، بلاول بھٹو اور مریم صفدر صرف میئر کا انتخاب لڑ کر دکھادیں۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ اپوزیشن آج ہونے والا منڈی بہاؤالدین کا جلسہ دیکھے،عوام کا سمندر آج وزیر اعظم کا استقبال کرے گا،یہ جلسہ آنےوالے جلسوں کے سلسلے کی کڑی ہے، وزیراعظم چاروں صوبوں میں بڑے جلسے کریں گے، اور عوام سے براہ راست مخاطب ہوں گے، عوام کا سمندر آج وزیراعظم کا استقبال کرے گا۔
Comments are closed on this story.