شاہ محمود قریشی نے بلاول بھٹو کو ناسمجھ بچہ، ان کے استاد کو نالائق قرار دے دیا
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو نا سمجھ بچہ جبکہ ان کے استاد کو نالائق قرار دے دیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو میں ناسمجھی اور تھوڑا بچپن ہے، بلاول کے استاد نالائق ہیں، لکھی ہوئی پرچیاں دی جاتی ہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا جنوبی پنجاب سے متعلق اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بلاول بھٹو میں ناسمجھی اور تھوڑا بچپن ہے، بلاول بھٹو کو ادراک نہیں کہ وہ کہہ کیا رہے ہیں اور حقیقت کیا ہے،انہیں لکھی ہوئی پرچیاں دی جاتی ہیں جنہیں وہ پڑھ دیتے ہیں جبکہ ان کا استاد بھی نالائق ہے ۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ بلاول جلد سمجھ جائیں گے کہ تنقید سے جنوبی پنجاب صوبہ نہیں بنےگا، جنوبی پنجاب صوبہ آئینی ترمیم سے بنے گا، کیا بلاول آئینی ترمیم کیلئے تعاون کرنے کیلئےتیارہیں ؟۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگرجنوبی پنجاب کو عملی جامہ پہنانا چاہتے ہیں تو آئیے مل کر آئینی ترمیم کریں،بل پیش کررہے ہیں اگر آپ کی نیت صاف ہے تو ووٹ دیں اور جنوبی پنجاب کو حق دلائیے، میں نے بلاول بھٹواور شہبازشریف کو 2بار خط لکھالیکن جواب نہ آیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مزیدکہا کہ یو این ڈی پی کی رپورٹ نے میرے مؤقف کی تصدیق کردی ،جنوبی پنجاب سب سے زیادہ پسماندہ ریجن ہے، شہبازشریف کو بھی یو این ڈی پی کے تمام اعداد و شمار بھیجے ہیں، شہبازشریف سے درخواست ہے جنوبی پنجاب کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کریں۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے حقائق کو سامنے رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، بلاول بھٹو اور شہباز شریف کوجنوبی پنجاب کی تشکیل اور تخلیق میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیئے۔
Comments are closed on this story.