Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

جسٹس عمر عطا بندیال نے چیف جسٹس پاکستان کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

اسلام ٓباد: جسٹس عمرعطا بندیال نے چیف جسٹس پاکستان کی حیثیت سے...
شائع 02 فروری 2022 10:37am

اسلام ٓباد: جسٹس عمرعطا بندیال نے چیف جسٹس پاکستان کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

ایوان صدر میں چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس عمر عطا بندیال سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور سپریم کورٹ کے ججز کے علاوہ مسلح افواج کے سربراہان اور وکلاء سمیت اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

جسٹس عمر عطا بندیال ملک کے 28 ویں چیف جسٹس آف پاکستان بنے ہیں ۔

جسٹس عمرعطا بندیال کے کیریئر پر ایک نظر

نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال 17 ستمبر 1958ء کو لاہور میں سابق وزیر داخلہ اور چیف سیکرٹری ایف کے بندیال کے گھر پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کوہاٹ، راولپنڈی، پشاور اور لاہور کے تعلیمی داروں سے حاصل کی اور اس کے بعد لنکنز ان لندن سے بار ایٹ لاء کیا۔

1983ء میں لاہور میں بطور ایڈووکیٹ ہائیکورٹ وکالت کے کیرئیر کا آغاز کیا اور چند سالوں بعد سپریم کورٹ کے وکیل بن گئے، انہوں نے بین الاقوامی عدالتوں میں بھی ثالثی مقدمات لڑے۔

جسٹس عمر عطا بندیال 4 دسمبر 2004ء کو لاہور ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے، 2007ء میں عبوری آئینی حکم کے تحت حلف لیے سے انکار کیا، وکلاء تحریک کے بعد بحال ہوئے، یکم جون 2012ء کو لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بنے اور 16 جون 2014ء کو بطور سپریم کورٹ جج تعینات کیے گئے۔

جسٹس عمر عطا بندیال اس دوران جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف صدارتی ریفرنس پر فیصلہ دینے والے 10 رکنی بنچ اور بی آر ٹی پشاور کیس کا فیصلہ کرنے والے بینچ کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

وہ 8 ماہ تک سینئر ایڈمنسٹریٹیو جج بھی رہے ہیں، چیف جسٹس عمر عطا بندیال ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے ایک سال 6 ماہ 25 دن تک چیف جسٹس رہنے کے بعد 17 ستمبر 2023ء کو ریٹائر ہو جائیں گے۔

Chief Justice

اسلام آباد

Arif Alvi

Justice Umar Ata Bandial