Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

قوم وسائل کی کمی سے نہیں چوری سے غریب ہوجاتی ہے، وزیراعظم عمران خان

بہاولپور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ نے پاکستان کو بہت...
شائع 01 فروری 2022 02:05pm

بہاولپور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ نے پاکستان کو بہت وسائل سے نوازا ہے، قوم وسائل کی کمی سے نہیں بلکہ چوری کی وجہ سے غریب ہوتی ہے، جب تک قوم مل کر نہ لڑے قانون کی بالادستی نہیں ہوتی۔

وزیراعظم عمران خان نے بہاولپور میں نیا پاکستان صحت کارڈ اسکیم کا اجرا کر دیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب میں برطانیہ گیا تو پہلی بار فلاحی ریاست دیکھنے کو ملی اور وہاں اگر کسی کے پاس پیسہ نہیں ہو تو مفت علاج ہوتا تھا۔ ڈاکٹرز اور نرسز امیر و غریب میں کوئی فرق نہیں کرتے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بننا تھا لیکن میں نے برطانیہ میں اللہ کی برکت دیکھی۔ وہ مدینہ کی ریاست سے زیادہ قریب ہیں اور مسلمان ملکوں میں شاید ہی کسی نے فلاحی ریاست دیکھی ہو۔

عمران خان نے کہا کہ مصر میں مسلمان زیادہ لیکن اسلام بہت کم ہے۔ برطانیہ کا صحت بجٹ پاکستان کے بجٹ سے کئی گنا زیادہ ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے پہلی بار صحت کارڈ شروع کیا تھا۔ ہماری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور دیہی علاقوں میں ڈاکٹرز ہی نہیں ہوتے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ صحت کارڈ دنیا کے امیر ترین ملکوں میں بھی نہیں ملتے۔ اب پورے پاکستان کی ہیلتھ سیکٹر میں انقلاب آئے گا۔ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں مہنگائی ہوئی اور دنیا میں مشکل وقت آیا ہوا ہے۔ تنقید اچھی چیز ہے اور یہ جمہوریت کا خون ہوتا ہے پھر بھی کہتے ہیں کہ حکومت نااہل ہے یہ نااہل حکومت دنیا کے ٹاپ 3 پوزیشن پر کیسے آئی ؟

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے بہترین طریقے سے ملک کو نہ صرف کورونا سے بچایا بلکہ ہم نے ملک کو معاشی بحران سے بھی بچایا۔ اس طرح دعا کرنی چاہیے کہ اور بھی لوگ نااہل ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا جو ہم نے وعدہ کیا تھا وہ پورا کریں گے کیونکہ میرا ایمان ہے کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں سے ناانصافی ہوئی ہے اور وہ اپنے حق سے محروم رہے۔ اب یہ ناانصافی ختم ہو گی۔

IK Address

Bhawalpur

pm imran kahn