Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ایس ایل 7:فخر زمان کی شاندار سنچری، لاہور قلندرز کے ہاتھوں کراچی کنگز کو شکست

کراچی: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے چھٹے میچ...
شائع 31 جنوری 2022 09:38am

کراچی: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 171رنز کا ہدف لاہور قلندرز نے آخری اوور میں4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، فخرزمان 106 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا چھٹا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا گیا، جس کا ٹاس لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر170 رنز بنائے،شرجیل خان 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کراچی کنگز کی اننگز

کراچی کنگز کی بیٹنگ کا آغاز شاندار رہا ، اوپنر شرجیل خان اور بابر اعظم کے درمیان 84 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی ۔

تاہم کراچی کو پہلا نقصان شرجیل کی صورت میں اُٹھانا پڑا، وہ 39 گیندوں پر 60 رنز بناکر محمد حفیظ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

کراچی کی دوسری وکٹ 106 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد نبی 15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،اس کے علاوہ کپتان بابر اعظم 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جو کلارک 24 رنز بناسکے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین آفریدی، زمان، راشد خان اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرزکی اننگز

فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز نے 171 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کیا اور ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی جبکہ کراچی کنگز کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

171 رنزکے ہدف کے تعاقب میں لاہور کا آغاز متاثر کن نہ رہا ، اوپنر عبداللہ شفیق 8 رنز بناکر پویلین لوٹے جس کے بعد نئے آنے والے بیٹر کامران غلام بھی جم کر نہ کھیل سکے اور صرف 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تاہم فخز زمان دوسرے اینڈ سے بہترین بیٹنگ کرتے رہے۔

قلندرز کو تیسرا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں اٹھانا پڑا، دائیں ہاتھ کے بلے باز 24 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے جبکہ فخزر زمان نے پی ایس ایل کی گیارہویں سنچری اسکور کی۔

انہوں نے 60 گیندوں پر 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ 19ویں اوور میں آؤٹ ہوگئے، ان کی اس اننگز میں 6 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے،اس کے علاوہ سمت پٹیل 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

فخر زمان کے اعزاز فخر زمان نے کراچی کنگز کے خلاف پاکستان سپر لیگ میں 1500 رنز مکمل کیے انہوں نے یہ کارنامہ 52 اننگز میں انجام دیا۔

فخر زمان پاکستان سپر لیگ میں1500مجموعی رنز بنانے والے چوتھے کرکٹر ہیں ،ان سے قبل بابر اعظم، کامران اکمل اور شعیب ملک بھی یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔

اس کے علاوہ فخر نے کراچی کنگز کے خلاف پی ایس ایل کی گیارہویں سنچری اسکور کی، وہ پی ایس ایل میں سنچری بنانے والے آٹھویں کھلاڑی ہیں۔

واضح رہے کہ کامران اکمل نے ٹورنامنٹ میں3، شرجیل خان نے2 سنچریاں اسکور کیں تھیں جبکہ کولن انگرم، کیمرون ڈیلپورٹ، رائلی روسو، کرس لن اور عثمان خواجہ ایک ایک سنچری کرچکے ہیں۔

دوسری جانب فخر زمان پی ایس ایل میں لاہور کی جانب سے سنچری کرنے والے دوسرے بیٹر ہیں ،اس سے قبل کرس لن نے بھی لاہور قلندرز کی جانب سے سنچری اسکور کی تھی۔

karachi

Fakhar Zaman

PSL 7