Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود اسٹیٹ بینک ترمیمی بل سینیٹ سے منظور

اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کیلئے گنتی میں حکومت نے 44 اور اپوزیشن نے 43 ووٹ حاصل کئے جبکہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنا ووٹ حکومت کے حق میں دیا ۔
اپ ڈیٹ 28 جنوری 2022 03:48pm

اسلام آباد:اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود اسٹیٹ بینک ترمیمی بل سینیٹ سے منظور ہوگیا، بل کے حق میں 44 اور مخالفت میں 43ووٹ آئے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل 2022پیش کیا۔

سینیٹ نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل صرف ایک ووٹ کی اکثریت سے منظور کرلیا، ترمیمی بل کیلئے گنتی میں حکومت نے 44 اور اپوزیشن نے 43 ووٹ حاصل کئے جبکہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنا ووٹ حکومت کے حق میں دیا ۔

سینیٹ کے کل اراکین کی تعداد 99 ہے لیکن اہم ترین سیشن کے موقع پر ایوان میں 86 ممبران موجود تھے۔

سینیٹ میں حکومت کے اراکین کی تعداد 42 جبکہ دلاور خان گروپ سمیت کے 6 ممبران سمیت اپوزیشن کے اراکین کی تعداد 57 ہے۔

آج کے سینش کے دوران دلاور خان گروپ کے 6 میں سے دو اراکین ہدایت اللہ اور ہلال الرحمان اجلاس سے غیر حاضر تھے جس میں سے سینیٹر ہدایت اللہ کورونا کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

حکومتی اتحادی ایم کیو ایم کے فیصل سبزواری اور خالدہ اطیب بھی اجلاس سے غیر حاضر تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی، قاسم رانجھو اور سکندر میندھرو اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، پی کے میپ کے شفیق ترین اور نسیمہ احسان بھی اجلاس میں موجود نہیں تھے۔

اسی طرح مسلم لیگ ن کی نزہت صادق کینیڈا میں ہونے اور مشاہد حسین کورونا کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

اپوزیشن سے جے یو آئی (ف)کے سینیٹر طلحہ محمود اجلاس میں شریک نہیں ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کی ڈاکٹر زرقہ طبیعت کی خرابی کے باعث ایوان میں آکسیجن سلینڈر کے ساتھ آئیں۔

بل منظور ہونے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے ایوان میں شدید احتجاج کیا، اپوزیشن ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں لہرا دیں اور چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔

بعدازاں سینیٹ کا اجلاس پیر تک ملتوی کردیا گیا۔

سینیٹ سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور ہونے کے بعدوفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ الحمداللہ ایک اور دن ایک اور کامیابی، عدم اعتماد کا خواب دیکھنے والے اس ایوان میں ناکام ہو گئے جہاں ان کی اکثریت ہے،حکومت نے ثابت کیا تمام جماعتیں مل کر بھی ایک عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اللہ کی مدد شامل حال رہی تو انشاللہ کامیابیوں کا سفر رکنے والا نہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ اپوزیشن کو ایک شکست ہوئی، سینیٹ میں بل منظور ہونا یہ شکست نواز شریف کو اور مضبوط کر دے گی، شرم نا ہو تو موجاں ہی موجاں۔

وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ٹوئٹ کی کہ سینیٹ میں حکومت کو ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور ہوگیا، عدم اعتماد کے خواب دیکھنے والی اپوزیشن کے اپنے خلاف ہی عدم اعتماد ہوگیا ہے۔

اسلام آباد

senate