پی ایس ایل 7: ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی
کراچی :پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے ٹاکرے میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 7 کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی اننگز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے، شرجیل خان43 اور جو کلارک 26 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ملتان سلطانز نے 125 رنز کا ہدف باآسانی3 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں مکمل کرلیا، کپتان محمد رضوان ناقابل شکست 52 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کراچی کنگز کی اننگز
کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز سست رہا البتہ بابر اعظم اور شرجیل کے درمیان پہلی وکٹ کیلئے 66 رنز کی شراکت داری بنی لیکن شرجیل 43 رنز بناکر عمران طاہرکا شکار بنے۔
ٹیم کا اسکور 71 رنز پر پہنچا تو بابر اعظم 29 گیندوں پر 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے،اس کے بعد آنے والے بیٹر محمد نبی بھی جارحانہ کھیل نہ پیش کرسکے اور 17 گیندوں پر صرف 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
کراچی کنگز کی چوتھی وکٹ 105 رنز پر گری جب ٹام لمونبی ایک رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،اس کے علاوہ جو کلارک 26 رنز بناسکے ۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں 16 رنز دےکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان سلطانز کی اننگز
ملتان سلطانز کے بیٹرز نے شروع سے ہی کراچی کنگز کے بولرز کو پریشر میں رکھا اور جارحانہ کھیل پیش کیا۔
ملتان سلطانز نے مقررہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 10 گیندوں پہلے ہی مکمل کرلیا ،کپتان محمد رضوان اور52 رنز بناکر ناقابل شکست رہے ، اس کے علاوہ صہیب مقصود 30 اور شان مسعود نے 26 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں کردار اداکیا۔
شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر ملتان سلطانز کے عمران طاہرکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Comments are closed on this story.