Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسرائیل کے صدر آئندہ ہفتے متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے

دورے کے دوران اسرائیلی صدر دبئی ایکسپو 2020 میں اسرائیل کے قومی دن کا افتتاح کریں گے۔
شائع 26 جنوری 2022 03:24pm
دونوں ملکوں میں تعلقات کی بحالی کے بعد کسی اسرائیلی صدر کا امارات کا پہلا دورہ ہو گا
دونوں ملکوں میں تعلقات کی بحالی کے بعد کسی اسرائیلی صدر کا امارات کا پہلا دورہ ہو گا

یروشلم : اسرائیلی صدر ایساق ہرزوگ اور ان کی اہلیہ میشل اگلے ہفتے متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی صدارتی جوڑے ہوں گے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اپنے تاریخی دورے میں اسرائیلی صدر متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر 30 جنوری بروز اتوار متحدہ عرب امارات کیلئے روانہ ہوں گے۔

اسرائیلی صدر ایساق ابوظہبی اور دبئی جائیں گے اور امارات کے ولی عہد النہیان کے ساتھ سرکاری ملاقاتیں کریں گے، جن میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ اور بین الاقوامی تعاون شیخ عبداللہ بن زاید؛ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور وزیر دفاع اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم؛ اور یہودی برادری کے نمائندے شامل ہیں۔

دورے کے دوران اسرائیلی صدر دبئی ایکسپو 2020 میں اسرائیل کے قومی دن کا افتتاح کریں گے۔

اپنی روانگی سے قبل اسرائیلی صدر نے ​​کہا کہ ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ کسی اسرائیلی صدر کا متحدہ عرب امارات کا پہلا دورہ کرکے تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اہم دورہ ایسے وقت میں آیا ہے جب اسرائیلی اور اماراتی اقوام ایک نئے مشترکہ مستقبل کی بنیادیں ڈالنے میں مصروف ہیں۔

اسرائیلی صدر ایساق نے مزید کہاکہ مجھے یقین ہے کہ ہماری جرات مندانہ نئی شراکت داری مشرق وسطیٰ کو بدل دے گی اور پورے خطے کو متاثر کرے گی مزید کہا ہم ایک امن پسند قوم ہیں، اور ہم مل کر ابراہیمی معاہدے کے امن کے تاریخی دائرے کو وسعت دیں گے۔

اسرائیلی صدر ایساق ہرزوگ نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان کی اس پروقار دعوت پر شکریہ ادا کیا، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے مزید گہرے ہوں گے۔

UAE

مشرق وسطیٰ

Israeli President