پاکستان امن کی جانب گامزن، بھارت میں نفرت کی آگ بھڑک رہی ہے، صدر عارف علوی
کراچی :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان امن کی جانب گامزن ہے جبکہ بھارت میں نفرت کی آگ بھڑک رہی ہے۔
کراچی میں بحری جہاز پی این ایس طغرل کی پاک بحری بیڑے میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پاک چین دوستی ہر مشکل وقت میں آزمودہ ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ منصوبے سے پاکستان میں جہاز کی صنعت کو فروغ ملے گا، منصوبہ ملکی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم امن کے ساتھ رہنے کے خواہش مند ہیں ،کشمیر کے ساتھ ہمارا دل کا رشتہ ہے جبکہ افغانستان کے امن سے خطے میں خوشحالی آئے گی۔
صدر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان امن کی جانب گامزن ہے جبکہ بھارت میں نفرت کی آگ بھڑک رہی ہے۔
چین میں تیار جنگی بحری جہاز پی این ایس طغرل پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل
دوسری جانب پاک بحریہ کی طاقت میں اضافہ ہو گیا ، چین میں تیار جنگی بحری جہاز پی این ایس طغرل پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ہو گیا۔
بحری جہاز پی این ایس طغرل کی بحری بیڑے میں شمولیت کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی،اس پروقار تقریب میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور امیر البحر ایڈمرل امجد خان نیازی نے شرکت کی ۔
پی این ایس طغرل تکنیکی اعتبار سے جدید صلاحیتوں کا حامل پلیٹ فارم ہے جو پاکستان نیوی کیلئے تیار کرنے جانے والے 4 ٹائپ 054 فریگیٹس کا پہلا جہاز ہے ، یہ جہاز فضا ، سطح آب اور زیر آب مار کرنے سمیت نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
پی این ایس طغرل جدید کامبیٹ مینجمنٹ اور الیکٹرانک وار فئیر سسٹم کے ساتھ ساتھ اپنے دفاع کی جدید صلاحیتوں سے بھی لیس ہے، پی این ایس طغرل کی شمولیت سے پاکستان کا بحری دفاع مزید موثر ہوا ہے۔
Comments are closed on this story.