Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ایف یو جے کا صحافیوں کے تحفظ کے قانون پر عدالت سے رجوع

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اٹارنی جنرل کو فروری کی اگلی سماعت پر جواب دینے کے لیے نوٹس جاری کر دیئے
شائع 23 جنوری 2022 04:21pm

اسلام آباد: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں 'صحافی' کی تعریف کے ساتھ ساتھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021 کے سیکشن 6 کو چیلنج کردیا۔

ڈان اخبار کی رپوٹ کے مطابق پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے پاکستان بار کونسل (پی بی سی) کی جرنلسٹس ڈیفنس کمیٹی (جے ڈی سی) کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی۔

پی ایف یو جے کی درخواست میں استدلال کیا گیا کہ مذکورہ ایکٹ کا سیکشن 6 نہ تو پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021 کے دیباچے سے مطابقت رکھتا ہے اور نہ ہی پاکستان کے آئین سے مطابقت رکھتا ہے۔

درخواست کے مطابق "یہ شق آئینی حقوق اور آزادیوں پر پابندیاں لگانے کے لیے آئینی عدالت کی طرف سے واضع کردہ عمومی اصولوں کی خلاف ورزی کرتی ہے"۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ "خاص طور پر آزادی اظہار رائے اور معلومات کے حق کے مطابق آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کے تحت ضمانت دی گئی ہے۔ "

ایکٹ میں 'صحافی' کی تعریف سے فوٹو جرنلسٹ اور کیمرامین کے اخراج پر سوال اٹھاتے ہوئے، پی ایف یو جے نے اپنی پٹیشن میں کہا کہ فوٹوگرافروں اور کیمرامین کو 'صحافی' کی تعریف سے خارج کرنا معلومات دینے میں فوٹو جرنلزم کے پیشہ اور کردار کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

وکیل آفتاب عالم، بابر حیات اور عمر گیلانی کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات اور وفاقی وزارت انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ اٹارنی جنرل کو فروری کی اگلی سماعت پر جواب دینے کے لیے نوٹس جاری کر دیئے۔

Islamabad HighCourt

journalist

PFUJ

freedom of expression