مری: ضلعی انتظامیہ نے اوور چارجنگ پر 15 ہوٹل سیل کردیئے
مری:راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نےمری میں گزشتہ روز پندرہ ہوٹلوں کو شہریوں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر سیل کر دیا ۔
ضلعی انتظامیہ کے بیان کے مطابق مری کے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے سوشل میڈیا اور مری کنٹرول روم میں موصول ہونے والی شکایات پر کارروائی کی گئی۔
اس میں مزید کہا گیا کہ سیل کیے گئے ہوٹل ابوظہبی روڈ، کلڈانہ روڈ، اپر جھیکا گلی روڈ اور بینک روڈ پر واقع ہیں۔
یہ پیشرفت برف میں پھنسے ہوئے 22 سیاحوں کی موت کے بعد ہوئی ہے، لوگوں کے برف میں پھنسے رہنے کی وجہ سے ہل اسٹیشن کی طرف جانے والی سڑکوں پر گھنٹوں ٹریفک جام رہا۔
بعدازاں بہت سے سیاحوں نے سوشل میڈیا پر شکایت کی کہ ہوٹل انتطامیہ بہت زیادہ کرایہ وصول کرنے کا مطالبہ کرتی ہے جس کی وجہ سے وہ گاڑیوں میں سونے پر مجبور ہیں ۔
سیاحوں سے پیسے بٹورنے کے الزام میں ایک شخص گرفتار
اس کے علاوہ راولپنڈی پولیس نے مری میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو ان کی مدد کی آڑ میں دھوکہ دینے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔
راولپنڈی پولیس نے ایک ٹوئٹ میں کہا:" مشتبہ شخص جان بوجھ کر سڑکوں پر برف پھینکتا تھا،جب گاڑیاں پھنس جاتیں تو وہ اپنی جیپ کی مدد سے گاڑی کو کھینچنے کے بدلے میں ایک خاص رقم مانگتا۔"
ٹوئٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ مشتبہ شخص کی جیپ بھی ضبط کر لی گئی ہے، پولیس نے بتایا کہ سیاحوں کی شکایات کا نوٹس لینے کے بعد راولپنڈی کے سی پی او ساجد کیانی کی ہدایت پر یہ کارروائی کی گئی۔
پولیس نے مزید کہا :"ملزم کے ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔"
Comments are closed on this story.