گرین لائن کے مکمل کمرشل آپریشنز کا آغاز ہوگیاہے: اسد عمر
کراچی: دو ہزار سولہ میں رکھے گئے سنگ بنیاد کے تقریبا چھ سال بعد کراچی میں گرین لائن بس سروس کے کمرشل آپریشز کا آج باقائدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ آج سے گرین لائن کے مکمل آپریشنز کا آغاز ہوگیا ہے،80 بسیں صبح 7 سے رات 10 بجے تک 21 کلومیٹر کا ٹریک طے کریں گی۔
پراجیکٹ کی انتظامیہ کے مطابق 22 بس اسٹیشنز ابھی مکمل ہو چکے ،ہر تین منٹ بعد ایک بس اسٹیشن پر پہنچے گی،ہر اسٹیشن پر بس کا دروازہ مسافروں کے لیے 20 سیکنڈ تک کھلا رہے گا۔
گرین لائن بی آر ٹی ایس
بس سروس سرجانی ٹاؤن میں کے ای ایس سی پاور ہاؤس چورنگی سے شروع ہوگی اور ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد اور گرومندر سے گزر کر میونسپل پارک پر اختتام پذیرہوگی، روٹ میں مزید25 اسٹیشنز بھی شامل ہیں۔
اس سروس میں 80 بسیں 200 تربیت یافتہ ڈرائیورز چلائیں گے اور روزانہ کی بنیاد پر تقریبا 300,000 مسافر اس میں سفر کر سکتے ہیں۔
سرجانی ٹاؤن اور نمائش چورنگی کے درمیان تقریباً 22 اسٹیشنز مکمل ہو چکے ہیں جبکہ میونسپل پارک تک سروس کو بڑھانے کے لیے مزید تین اسٹیشنز پر تعمیراتی کام ابھی جاری ہے۔
ٹکٹ کی قیمتیں
حکومت نے بس سروس میں سفر کرنے والوں کے لئے ٹکٹ کی قیمت کم از کم 15 روپے اور زیادہ سے زیادہ 55 روپے مقرر کی ہے۔
واضح رہے کہ گرین لائن بس منصوبے کا آغاز دوہزار سولہ میں نوازشریف کے دورِحکومت میں کیا گیا تھا جس کی تکمیل کا اندازہ دو ہزار اٹھارہ کے اختتام تک لگایا گیا تھا۔
گزشتہ برس 10 دسمبر کو وزیر اعظم عمران خان نے بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح کیا جبکہ 25 دسمبر سے جزوی طور پر بس سروس کا آغاز ہوا تھا۔
Comments are closed on this story.