Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سانحہ مری: بلاول بھٹو زرداری، شہبازشریف اور مریم نواز کی حکومت پر تنقید

اسلام آباد:سانحہ مری پر اپوزیشن رہنماؤں نے سخت ردعمل کا اظہار...
شائع 08 جنوری 2022 02:44pm

اسلام آباد:سانحہ مری پر اپوزیشن رہنماؤں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے، بلاول بھٹو زرداری، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز اور راجہ پرویز اشرف نے حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔

سانحہ مری پر اپوزیشن یک زبان ہوگئی، بڑی تعداد میں انسانی جانوں کے ضیاع کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد کردی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاحوں کو سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جاتا تو سانحہ رونما نہ ہوتا۔

مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے بھی حکومت کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی انتظامی صلاحیت کا عالم ہے کہ مری اور گلیات میں ٹریفک انتظامات کرنے کے قابل بھی نہیں، عمران نیازی میں تو اخلاقی جرات نہیں، کم ازکم اس سنگین مجرمانہ غفلت کے ذمہ دار وزیر اور ماتحتوں کو ہی برخاست کیاجائے۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ مری میں لوگوں کی اموات برفباری سے نہیں، حکومتی غفلت سے ہوئیں، شہباز شریف کے بوٹوں اور خدمت کا مذاق اُڑانے والا محل میں بیٹھا اپنی گرتی ہوئی حکومت بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا کہ رات کو لوگ سردی سے ٹھٹھر کر مرتے رہے اور پنجاب حکومت اور انتظامیہ نیند کے مزے لوٹتی رہی، کٹھ پتلی وزیراعلی اور اسلام آباد میں بیٹھ کر ڈوریں ہلانے والا وزیراعظم اس المیے کے ذمہ دار ہیں، تمام متعلقہ افراد کو استعفی دینا چاہیئے۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ افسوسناک واقعہ سیاحت کا کریڈٹ لینے والوں کی بیڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

Bilawal Bhutto

opposition

Maryam Nawaz

اسلام آباد

shahbaz sharif

Hamza Shehbaz

snowfall

Murree Incident