Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مری میں شدید برفباری، 21 افراد جاں بحق، شہر آفت زدہ قرار، ایمرجنسی نافذ

ملک کے پُرفضا مقام مری میں شدید برفباری کےباعث ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے ،سانحہ مری میں اب تک 21 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اپ ڈیٹ 08 جنوری 2022 06:08pm

مظفرآباد: مری میں شدید برفباری کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہے،جس کے باعث 21 افراد اپنی گاڑیوں میں ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ مری کو آفت زدہ قراردے دیا گیا اور ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

ملک کے پُرفضا مقام مری میں شدید برفباری کےباعث ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے ،سانحہ مری میں اب تک 21 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی سمیت خاندان کے 8افراد ،راولپنڈی کی ایک فیملی کے 5افراد جان کی بازی ہارگئے ، انتظامیہ نے جاں بحق افراد کی فہرست جاری کردی ۔

سانحہ مری میں زیادہ ہلاکتیں کلڈنہ اورباڑیاں کے مقام پرہوئیں، شدید برفباری اورسردی کے باعث 4گاڑیوں میں ہلاکتیں ہوئیں۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ایک ٹوئٹ میں مری میں ہنگامی موسمی صورتحال کی وجہ سے پھنسے ہوئے سیاحوں کے رشتہ دار /عزیز واقارب کے لئے اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات کے لئے ڈی سی آفس کے کنٹرول کا نمبر شیئر کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے جان بحق ہونے والے سیاحوں کی فہرست بھی شیئر کی۔

گاڑی نمبر483 میں اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی نوید اقبال اپنےاہلخانہ سمیت موجود تھے، شدید سردی اورسانس گھٹنےکےباعث گاڑی میں موجود تمام8 افراد کی موت ہوگئی ، جن میں نوید اقبال،اہلیہ، 4بچیاں اور2بیٹے شامل ہِیں۔

گاڑی نمبرLEA 9312 میں 3افراد سوارتھے،2افراد کا تعلق لاہوراورایک گجرانوالہ سےہے جبکہ گاڑی نمبرNG 424 میں 4دوست جاں بحق ہوئے جن میں سہیل خان ، اسد اوربلال کا تعلق مردان جبکہ بلال حسن کا تعلق کراچی سےتھا۔

راولپنڈی سےتعلق رکھےقوالےشہزاد،اہلیہ اور3بچےبھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہے ، اس کے علاوہ مسافر وین میں شدید سردی کے باعث کمال آباد کےزاہد حسین بھی مرنے والوں میں شامل ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مری سے ٹریفک میں پھنسی 23 ہزار سے زائد گاڑیاں نکالی جا چکی ہیں لیکن اب بھی سینکڑوں گاڑیاں ٹریفک میں پھنسی ہیں۔

پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کو امدادی کارروائیوں کیلئے طلب کرلیا، شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رات سے ایک ہزار گاڑیاں مری میں پھنسی ہوئی ہیں جبکہ گاڑیوں میں موجود 16 سے 19 افراد شدید سردی کے باعث جاں بحق ہوگئے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ مری جانے والے تمام راستے بند کردیئے ہیں، پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کو امدادی کارروائیوں کیلئے طلب کرلیا گیا ہے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مری جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں،صرف کمبل، ادویات اور کھانے پینے کا سامان لے جانے والوں کو جانے کی اجازت ہو گی، پیدل جانے والوں کیلئے بھی راستے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مری آفت زدہ قرار، ایمرجنسی نافذ

پنجاب حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری کی صورتحال انتہائی خراب ہونے کے بعد سرکاری ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری دفاتر کو سیاحوں کیلئے کھولنے کا حکم دیا دے دیا۔

وزیراعلی پنجاب نےاپناہیلی کاپٹرریسکیو سرگرمیوں کیلئے دے دیا، موسم بہترہوتے ہی ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے گا۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتےہوئے کہا ہےکہ پیدا شدہ صورتحال میں سیاحوں کو ہر ممکنہ طریقے سے ریلیف دیا جائے۔

عثمان بزدار نے مری میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، سیاحوں کو ضروری امدادی اشیاء بھی فراہم کی جائیں اور سیاحوں کو ہر ممکنہ طریقے سے ریلیف دیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے راولپنڈی اور دیگر شہروں سے اضافی مشینری اور عملہ مری بھجوانے کی ہدایت کی ہے ۔

سڑکوں پر برف ہٹانے کیلئے نمک پاشی جاری

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ 10 سے 12 گاڑیاں کلڈنہ کے مقام پر پھنسی اور ابتدائی معلومات کے مطابق ایک ہی خاندان کے 10 افراد کی اموات کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

مری میں اس سال ہونے والی برفباری کو 10 سالوں کی شدید برفباری قرار دیا جا رہا ہے اور اس دوران ہونے والی اموات کو مری کی تاریخ کا سب سے المناک واقعہ بتایا جا رہا ہے۔

مری اور گلیات میں سڑکوں پر جمی برف کو ہٹانے کیلئے نمک پاشی کی جا رہی ہے تاکہ برف پگھلے تو سڑکیں کھولی جا سکیں۔

فواد چوہدری کی عوام سے بالائی علاقوں کی سیر کچھ دنوں کیلئے مؤخر کرنے کی اپیل

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے عوام سے بالائی علاقوں کی سیر کچھ دنوں کیلئے مؤخرکرنےکی اپیل کردی۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ مری اور دیگر بالائی مقامات کیلئےایک جم غفیررواں دواں ہے،لاکھوں گاڑیاں ان علاقوں کی طرف جارہی ہیں،مقامی انتظامیہ کیلئے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو سہولیات پہنچاناناممکن بن گیا ہے،جولوگ ابھی گھروں میں ہیں۔

وفاقی وزیرفواد چوہدری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بالائی علاقوں کی سیرکا پلان کچھ دنوں کیلئےمؤخر کردیں۔

ریسکیو 1122 کو شدید مشکلات کا سامنا

خیال رہے کہ مری میں برفباری شروع ہوتے ہی ہزاروں سیاح سیاحتی مقام کی سیر کو پہنچ گئے تھے لیکن شدید برفباری کے باعث سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا اور خواتین اور بچوں سمیت سیاحوں کی بڑی تعداد نے رات خون جما دینے والی سردی میں کھلے آسمان تلے گاڑیوں میں ہی گزاری۔

Muzaffarabad

Murree

death casualties

snowfall