شین وارن نے سابق پاکستانی کپتان سلیم ملک پررشوت کی پیشکش کا الزام لگادیا
سڈنی:سابق آسٹریلوی کرکٹر شین وارن نے پاکستان کے سابق کپتان سلیم ملک پر 1994 میں ٹیسٹ میچ میں خراب کارکردگی دکھانے پر لاکھوں ڈالرز کی رشوت کی پیشکش کا الزام لگادیا۔
شین وارن نے اپنی ایک دستاویزی فلم 'شین' میں دعویٰ کیا ہے کہ 1994 کےکراچی ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن سلیم ملک نے ان سے رابطہ کیا۔
سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر نے الزام لگایا کہ سابق پاکستانی کرکٹر نے انہیں اور ان کے ساتھی ٹم مے کو اسٹمپ سے باہر گیند کرنے اور وکٹ نہ لینے پر 2 ملین ڈالرز دینے کی پیشکش کی تھی ۔
اس کے علاوہ سابق لیگ اسپنر شین وارن نے دعویٰ کیا کہ سلیم ملک نے انہیں کہا کہ اگر وہ میچ ہار گئے تو ان کے گھر جل جائیں گے۔
شین وارن نے مزید کہا کہ وہ سلیم ملک کی پیشکش سےکافی حیران ہوئے البتہ انہوں نے رشوت لینے سے انکار کر دیا جس کے بعد سابق پاکستانی کھلاڑی نے دوبارہ کبھی رابطہ نہیں کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو 1994 کے کراچی ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کےبعد ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ سلیم ملک پر سن 2000 میں میچ فکسنگ کی وجہ سے تمام طرز کی کرکٹ سے تاحیات پابندی عائد کردی گئی تھی۔
Comments are closed on this story.