Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

محمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

محمدحفیظ پاکستان کیلئے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی20 میچز کھیل چکے ہیں۔
اپ ڈیٹ 03 جنوری 2022 11:54am

کراچی :پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے باقاعدہ طورپر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

محمد حفیظ نے کہا کہ کہ 18 سال پہلے خوب صورت سفر شروع کیا، آج ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کر رہا ہوں لیکن جب تک فٹ ہوں اور پرفارم کررہا ہوں لیگ کھیلتا رہوں گا۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ آخری ورلڈ کپ جوکھیلا تو اس میں میری خواہش پاکستان کے فاتح سکواڈ میں شامل ہونا تھا ، اس کے علاوہ مجھے کوئی لالچ نہ تھا ،ورلڈ کپ میں بھارت سے جیتنے کی خواہش پوری ہوئی،آئندہ ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے میں اپنے لڑکوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں ، پاکستان ٹیم کی جیت ہمیشہ میری جیت ہو گی ۔

محمد حفیظ نے مزید کہا کہ میں نے جو بھی کرکٹ کھیلی اس سے مطمئن ہوں ، پاکستان کیلئے کھیلنا بڑے اعزاز کی بات ہے ، فینز نے 18 سالہ کیریئر میں ہر جگہ سپورٹ کیا، ملک کیلئے بغیر کسی لالچ کے کھیلا ہوں ، میں نے کبھی پیسہ کمانے کا نہیں سوچانہ ہی کبھی فیئرویل میچ کا خیال آیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفوکے مطابق محمدحفیظ پاکستان کیلئے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی20 میچز کھیل چکے ہیں۔

17 اکتو بر 1980 کو سرگودھا میں آنکھ کھولنے والے محمد حفیظ 3 اپریل 2003 کو شارجہ میں زمبابوے کخلا ف اپنا پہلا بین الااقومی ون ڈے کھیلا۔

اسی سال اگست میں حفیظ نے نیشنل اسٹیڈیم کر اچی میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 28 اگست 2006 کو برسٹل میں انگلینڈ کیخلاف انضمام الحق کی قیادت میں جب پاکستان نے اپنا پہلا بین الااقومی ٹی 20 کھیلا تو محمد حفیظ اس ٹیم میں بھی شامل تھے۔

محمد حفیظ نے تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیئے، آل راونڈر نے ایک ٹیسٹ ، 2ون ڈے اور 29 ٹی 20 انٹرنیشنلز میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیئے۔

محمد حفیظ کا شمارپاکستان کے ان چند کھلاڑیوں میں ہوتا ہےجو اپنے سخت مؤقف کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں،بالخصوص میچ فکسنگ اور ڈسپلن کے حوالے سے محمد حفیظ کو پاکستان کرکٹ میں ایک نمایاں مقام حاصل رہا ہے۔

2014 میں بنگلا دیش میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں گروپ مرحلے سے باہر ہو نے کے بعد بطور کپتان محمد حفیظ نے تمام ذمہ داری قبول کی اور پاکستان پہنچ کر قیادت سے علیحدہ ہو نے کا اعلان کر دیا۔

2020 میں محمد حفیظ اپنے ٹی 20 کیرئیر کی بہترین فارم میں نظر آئے ، انورں نے 10 میچو ں میں چار نصف سنچریوں کےساتھ 415 رنز اسکور کئے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی سطح پر اس شاندار پرفارمنس کے باوجود محمد حفیظ کی چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے ساتھ سرد جنگ نے عظیم کھلاڑی کی اس پرفارمنس کو کسی اعزاز کا مستحق نہ ہو نے دیا۔

پاکستان کیلئے 2007، 2011 اور 2019 میں ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کھیلنے والے محمد حفیط کو 2015 ورلڈ کپ میں منتخب ہو نے کے باوجود اس وقت کی ٹیم مینجمنٹ نے فٹنس گراؤنڈ پر ڈراپ کر دیا جس کا سابق کپتان کو بے حد افسوس ہےکیونکہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ ایونٹ کے صرف 2 میچ کے بعد فٹ ہو سکتے تھے، البتہ انہیں فورا آسٹریلیا سے پاکستان روانہ کر دیا گیا۔

2007میں جنو بی افریقا میں شعیب ملک کی قیادت میں پہلا آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کھیلنے والے محمد حفیظ 2009 کے علاوہ پاکستان کیلئے تمام آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلے، اپنے کیرئیر کے دوران دائیں ہاتھ سے گیند کر نے والے محمد حفیظ کو کیرئیر میں کئی بار مشکوک بولنگ ایکشن کے مرحلے سے گزرنا پڑا لیکن اس سلسلے میں قانونی راستے کے ساتھ محمد حفیظ نے فتح کو گلے لگایا۔

بھارت میں انڈین پریمئر لیگ کھیلنے والے محمد حفیظ نے آسٹریلیا، انگلینڈ، سری لنکا، بنگلا دیش، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا میں لیگ کرکٹ کھیلی اور پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے بعد وہ لاہور قلندرز کیلئے کھیلتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کئے جا نے والے محمد حفیظ نے اب 18 سال بین الااقوامی کرکٹ کھیلنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا ہے، البتہ آل راؤنڈر دنیا بھر میں لیگ کرکٹ کھیلتے ضرور دکھائی دیں گے۔

محمد حفیظ نے پاکستان کیلئے392 بین الااقومی میچو ں میں 12789 رنز 21 سنچریوں 64 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے، ایک مستند فیلڈر مانے جانے والے محمد حفیظ نے 160 کیچ لینے کے ساتھ بطور آف بریک بولر 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

karachi

Pakistan Cricket Team

INTERNATIONAL CRICKET

mohammad hafeez

all rounder