Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

خیرپور: طالبہ اغواء کیس، پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا

خیرپور: پولیس نے خیرپور کی شاہ عبدالطیف یونیورسٹی میں طالبہ کو...
شائع 29 دسمبر 2021 09:52am

خیرپور: پولیس نے خیرپور کی شاہ عبدالطیف یونیورسٹی میں طالبہ کو اغواء کی کوشش سے متعلق مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اے آر وائی کے مطابق خیرپور کے تھانہ رانی پور میں طالبہ خوشبو بھٹی کے اغواء کے مقدمے میں صفدر وسان اور 15 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ صفدر وسان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس نے خوشبو بھٹی کو اغواء کرنے کی کوشش کی تھی۔

پولیس ملزم کا کرمنل ریکارڈ چیک کر رہی ہے جبکہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ صفدر ہراساں کرنے اور لڑائی جھگڑے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

پولیس کے مطابق 23 دسمبر کو مسلح افراد نے شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور کی ایک طالبہ کو اغواء کرنے کی کوشش کی تھی۔

رانی پور کے قریب قومی شاہراہ پر 7 افراد نے یونیورسٹی کی بس کو بندوق کی نوک پر روکا اور ایک طالبہ کو اغواء کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد ساتھی طلباء نے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

بعد ازاں طلباء نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا اور ہائی وے کو بلاک کر دیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اہم ملزم صفدر وسان خود یونیورسٹی کا طالب علم ہے، اس نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر طالبہ کو بندوق کی نوک پر اغوا کرنے کی کوشش کی۔

police

Khairpur

students