Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں آئی ٹی کے سب سے بڑے منصوبے کا آغاز

(آئی ٹی) پارک میں تقریباً 210 کمپنیاں اپنے 8,400 ملازمین کے ساتھ کام کریں گی۔
شائع 14 دسمبر 2021 08:09pm
(آئی ٹی) پارک کراچی ائیر پورٹ کے نزدیک 31 بلین روپے کی لاگت سے قائم کیا جا رہا ہے
(آئی ٹی) پارک کراچی ائیر پورٹ کے نزدیک 31 بلین روپے کی لاگت سے قائم کیا جا رہا ہے

روشنیوں کے شہر کراچی میں حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) پارک بنانے کے منصوبے پر کام شروع کردیا۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) پارک کراچی ائیر پورٹ کے نزدیک 31 بلین روپے کی لاگت سے قائم کیا جا رہا ہے، جس میں تقریباً 210 کمپنیاں اپنے 8,400 ملازمین کے ساتھ کام کریں گی۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک سینئر عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ یہ سہولت ملک کے بڑے شہروں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معاونت فراہم کرنے کے لیے حکومت کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

اس منصوبے میں ایک کثیر المنزلہ دفتری عمارت شامل ہے جب کہ پارک 106,449 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہوگا ،جس میں 8منزلیں زمین سے اوپر اور 3تہہ خانے کی منزلیں ہوں گی۔

یہ منصوبے صنعت اور مقامی یونیورسٹیوں کو ہم آہنگی قائم کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا اور بین الاقوامی کاروباری تعاون اور عالمی آئی ٹی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی طرف راغب کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پارک آئی ٹی اور آئی ٹی سے چلنے والی خدمات (آئی ٹی ای ایس) کمپنیوں کے لیے کام کی جگہ اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنائے گا اور آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کو فروغ دے گا۔

مذکورہ منصوبہ آئی ٹی کلسٹرز کی تشکیل کو بہتر بنانے کے ساتھ برآمدی ذر مبادلہ بڑھانے اور آئی ٹی سیکٹر میں پاکستانی خدمات کو بین الاقوامی سامعین اور صارفین کے سامنے پیش کرنے میں بھی مدد کرے گا۔

اس کے علاوہ آئی ٹی پارک کی عمارت میں دفتر، ڈے کیئر سینٹر، سہولیات، پارکنگ وغیرہ ہوں گے جب کہ اس میں آئی سی ٹی سسٹم، سیکیورٹی فیچرز اور ڈیٹا سینٹر ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا "آئی ٹی پارک کے انتظام کے لیے اس کی تکمیل کے دو سال بعد پوسٹ پراجیکٹ آپریشنل سپورٹ ہو گی۔" انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے حال ہی میں اسلام آباد میں ایک خصوصی ٹیکنالوجی زون قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے چھوٹے اور بڑے شہروں میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنا چاہتی ہے، وزارت آئی ٹی سے منسلک محکمہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کوئٹہ، گوادر، فیصل آباد، بنوں، سوات، مردان سکھر اور حیدرآباد میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کے لیے کام کر رہا ہے۔

karachi

technologies