Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکی ریاست کینٹکی میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی، 70 افراد ہلاک

واشنگٹن: امریکی ریاست کینٹکی میں طوفانی بگولوں نے ہر طرف تباہی...
شائع 12 دسمبر 2021 09:45am

واشنگٹن: امریکی ریاست کینٹکی میں طوفانی بگولوں نے ہر طرف تباہی مچادی ہے ،جس کے باعث 70افرادہلاک ہوگئے۔

طوفان سے متعدد گاڑیاں عمارتوں کے ملبے تلے دب گئیں، درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے، بجلی کے کھمبے گر گئے، 50 ہزار سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔

امریکی ریاست کینٹکی کے گورنر اینڈی بیس ہیر نے تصدیق کی ہے کہ ریاست میں ہوا کے بگولوں کی وجہ سے مختلف حادثات میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ یہ تعداد 100 تک پہنچ سکتی ہے۔

کینٹکی میں سب سے زیادہ ہلاکتیں موم بتی بنانے والی فیکٹری کی چھت گرنے سے ہوئی۔ اس کے علاوہ الی نوائے میں ایمازون کے ویئر ہاؤس اور آرکنساس میں ایک نرسنگ ہوم منہدم ہونے سے بھی ہلاکتیں ہوئیں۔

کینٹکی کی موم بتی بنانے والی فیکٹری جب ٹورناڈو کی زد میں آئی تو اس وقت اندر 100 کے قریب ملازمین موجود تھے۔ یہ کینٹکی کی تاریخ میں بگولوں سے ہونے والی اب تک کی سب سے زیادہ اموات ہیں۔

ہوا کے بگولوں سے ریاست کینٹکی، الی نوائے، کنسا، میزوری، ٹینیسی اور مسی سپی متاثر ہوئیں۔

کینٹکی کے علاقے مےفیلڈ میں عدالت کی عمارت اور متصل جیل کو بھی نقصان پہنچا۔

ریاست کینٹکی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ریاست ٹینیسی میں بگولوں سے مختلف حادثات میں 3 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں ۔

ریاست آرکنساس میں بگولوں سے نرسنگ ہوم کی چھت ٹوٹنے سے ایک شخص ہلاک اور 3 زخمی ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

Washington