Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کا آج 50واں یوم شہادت منایا جارہا ہے

راولپنڈی :جان کا نذرانہ پیش کرکے مادروطن کا دفاع کرنے والے سوار...
شائع 10 دسمبر 2021 09:51am

راولپنڈی :جان کا نذرانہ پیش کرکے مادروطن کا دفاع کرنے والے سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کا آج 50واں یوم شہادت منایا جارہا ہے۔

1971کی جنگ کے ہیرو سوار محمد حسین شہید کی 50 ویں برسی آج منائی جارہی ہے، پاک فوج کےعظیم سپوت کو جرات وبہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پرنشان حیدرعطا کیا گیا، وہ پہلے سپاہی ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا۔

نشان حیدر پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز ہے، یہ اب تک پاک فوج کے 10 شہداء کو مل چکا ہے جنہوں نے وطن کی خاطر بہادری کی تاریخ رقم کی، ان میں ایک نام سپاہی سوار محمد حسین شہید کا بھی ہے جنہوں نے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواں مردی سے مقابلہ کیا اور شہادت کا عظیم مقام ان کے حصے میں آیا۔

سوارمحمد حسین شہید پنجاب کے علاقے گوجرخان کے قریب ڈھوک پیر بخش میں 18 جون 1949کو پیدا ہوئے، انہوں نے 3 ستمبر1966کو 17برس کی عمرمیں پاکستان آرمی میں ڈرائیور کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی اور ڈرائیور ہونے کے باوجود 1971 کی عملی جنگ میں بھر پور حصہ لیا۔

1971کی جنگ میں سیالکوٹ میں ظفر وال اور شکر گڑھ کے محاذ جنگ پر مسلسل 5 دن تک دشمن کی گولہ باری کے باوجود اگلے مورچوں تک اسلحہ پہنچاتے رہے، ان کی نشاندہی پر ہی پاک آرمی نے ہندوستان کی فوج کے 16 ٹینک تباہ کئے۔

10 دسمبر شام 4بجے دشمن کی مشین گن سے نکلنے والی گولیاں سوارحسین کے سینے میں جا لگیں جس سے وہ بھی شہداء کے قافلے میں شامل ہوگئے، جس وقت سوار محمد حسین کی شہادت ہوئی ان کی عمر محض 22 سال اور 6 ماہ تھی۔

دشمن کو دندان شکن جواب دینے اور ارض وطن کی خاطرجان کا نذرانہ پیش کرنے والے اس بہادر سپوت کا خون بھی تزئین گلستان میں شامل ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیاجائے گا۔

سوار محمد حسین شہید کی اسی بہادری کے اعتراف میں پاک فوج نے انہیں اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا۔

سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کایوم شہادت ،پاک فوج کا خراج عقیدت

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے نشان حیدر کا اعزاز پانے والے سوار محمد حسین شہید کویوم شہادت پرخراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سوار محمد حسین شہید نشان حیدرکے50ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سوار محمد حسین شہید نے 1971 میں ظفروال شکرگڑھ سیکٹرمیں عظیم قربانی دی تھی،ان کے نڈراوربے خوف ایکشن سے دشمن کوشدید نقصان پہنچا،سوارمحمد حسین شہید نےاپنی بہادری سے 16بھارتی ٹینک تباہ کئے ،سوار محمد حسین شہید نے ثابت کر دیا کہ جرات و بہادری کی کوئی حد نہیں۔

ISPR

DG ISPR

Major General

Babar Iftikhar