Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

اومی کرون کا خطرہ: کیٹیگری سی ممالک کے مسافروں پر ہوائی سفر پر پابندی عائد

اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نےکورونا...
شائع 06 دسمبر 2021 11:45am

اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نےکورونا کی نئی قسم اومی کرون کے خطرے کے پیش نظر کیٹیگری سی کے ممالک میں اضافہ کردیا، جنوبی افریقا ، زمبابوے اور نمیبیا سمیت 15 ممالک کے مسافروں پر ہوائی سفر پر پابندی عائد کردی گئی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی )کا جائزہ اجلاس ہوا ، جس میں اومی کرون کاخطرہ اورہوائی سفرسے متعلق جائزہ لیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے اعلامیےکےمطابق اومی کرون کے خدشے کے پیش کیٹیگری سی کے ممالک میں اضافہ کردیا ، 15ممالک کوسی کیٹگری میں ڈالا گیا ہے جن میں جنوبی افریقا، نیدر لینڈز، ہانگ کانگ، ہنگری، آئر لینڈ ، کروشیا، سلووینیا، ویتنام، پولینڈ، موزمبیق، لیسوتھو، ایسواتینی، بوٹسوانا ، زمبابوے اور نمیبیا شامل ہیں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ کیٹیگری سی ممالک کے مسافروں پر مکمل سفری پابندی عائد کی گئی ہے ، ایمرجنسی سفر کی صورت میں ہیلتھ پروٹوکول کے ساتھ استثنیٰ کا سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا ۔

این سی او سی کے مطابق کیٹیگری بی کے 7 ممالک شامل کےا گئے ہیں ،ان ممالک کے 6سال سے زائد عمر والے مسافروں کیلئے ویکسین سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا ،کورونا مثبت ٹیسٹ کی صورت میں 10روز کیلئے قرنطینہ ہونا ہوگا ۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں آنے والے ٹرانزٹ فلائٹ کے مسافروں کیلئے بھی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔

NCOC

اسلام آباد

Asad Umer

Omicron variant