Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ریاست کی طرف سے کسی کو اغواء کرنا انتہائی سنگین جرم ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آبادہائیکورٹ نے لاپتہ صحافی کی عدم بازیابی سے متعلق کیس ...
شائع 01 دسمبر 2021 02:26pm

اسلام آبادہائیکورٹ نے لاپتہ صحافی کی عدم بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے مگر وہ کہیں نظر نہیں آرہی، ریاست کی طرف سے کسی کو اغواء کرنا انتہائی سنگین جرم ہے۔

صحافی اور بلاگر مدثر ناروکی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں ہوئی۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری اور سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار کی جانب سے عثمان وڑائچ ایڈوکیٹ پیش ہوئے تاہم ایمان مزاری بیماری کے باعث پیش نہ ہو سکیں۔

وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی وزیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شیریں مزاری صاحبہ، آپ کو اس لےف زحمت دی کہ ریاست نظر نہیں آ رہی، ملک میں جبری گمشدگیوں کا رجحان ہے، کسی کا لاپتہ ہو جانا انسانیت کے خلاف جرم ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ وزیراعظم اور کابینہ ارکان لوگوں کی خدمت کیلئے ہیں، لاپتہ شخص کی بازیابی کیلئے ریاست کا ردعمل غیر مؤثر ہے، ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے مگر وہ کہیں نظر نہیں آ رہی، کوئی بھی متاثرہ شخص آئے کہ اس کا کوئی عزیز لاپتہ ہو گیا ہے تو یہ ریاست کی ناکامی ہے۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ آپ نے پہلے بھی قیدیوں کے معاملے پر بلوایا تھا ،جبری گمشدگیوں کا معاملہ ہمارے منشور میں تھا، ہم نے اس بارے میں قانون سازی کی ہے، سینیٹ میں جلد بھجوائی جائے گی، وزیراعظم بننے سے پہلے بھی عمران خان کا اس معاملے پر واضح مؤقف رہا۔

ریاست کی طرف سے کسی کو اغواء کرنا انتہائی سنگین جرم ہے، جسٹس اطہر من اللہ

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ ریاست کی طرف سے کسی کو اغواء کرنا انتہائی سنگین جرم ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کسی پبلک آفس ہولڈر کا کوئی عزیز غائب ہو جائے تو ریاست کا ردعمل کیا ہو گا؟ پبلک آفس ہولڈر کا کوئی عزیز غائب ہو جائے تو پوری مشینری حرکت میں آ جائے گی، ریاست کا ردعمل عام شہری کے غائب ہونے پر بھی یہی ہونا چاہیئے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ عدالت کو بتایا گیا ہے کہ لاپتہ شخص کی اہلیہ بھی چل بسی ہے، تمام ایجنسیاں وفاقی حکومت کے کنٹرول میں ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ یہ سمریوں یا رپورٹس کی بات نہیں، لاپتہ شخص کے بچے اور والدین کو مطمئن کریں، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ بچے کی دیکھ بھال کرے اور متاثرہ فیملی کو سنے۔

حکومت جبری گمشدگی کو سنگین جرم سمجھتی ہے،شیری مزاری

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ بیان حلفی ابھی تک نہیں ملا، اس کے مطابق اخراجات کی ادائیگی کیلئے کام کریں گے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ متاثرہ فیملی کو وزیراعظم کے پاس لے کر جائیں اور کابینہ ارکان سے ان کی ملاقات کرائیں، جس پر شیریں مزاری نے کہا کہ وزیراعظم انہیں ضرور سنیں گے، ہم چاہتے ہیں پہلے ان کیلئے اخراجات کی ادائیگی پر کام کر لیں۔

وفاقی وزی شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ لاپتہ شخص کے کمسن بچے اور دادی کی وزیراعظم سے ملاقات کرائی جائے گی ، اس سے پہلے آئندہ ہفتے تک ان کیلئے رقم کی ادائیگی کا عمل مکمل کرنے دیں، ہماری حکومت جبری گمشدگی کو سنگین جرم سمجھتی ہے، جمہوریت میں کسی کو لاپتہ کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔

لاپتہ افراد کی ذمہ داری تو وزیراعظم اور کابینہ ارکان پر آتی ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

عدالت نے وفاقی وزیر سے کہا کہ آپ کوشش کریں کہ یہ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مطمئن ہو کر واپس آئیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ لاپتہ افراد کی ذمہ داری تو وزیراعظم اور کابینہ ارکان پر آتی ہے، ریاست کی بجائے معاوضے کی رقم وزیراعظم اور کابینہ ارکان کیوں نا ادا کریں، تاکہ یہ معاملہ ہی ہمیشہ کیلئے ختم ہو سکے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا عدالت میں کہنا تھا کہ ایک ہفتے کا مزید وقت دے دیں، جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ کیا بات کر رہے ہیں، ایک بندہ 3 سال سے لاپتہ ہے اور آپ مزید وقت کا کہہ رہے ہیں۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ کا کہنا تھا کہ کوئی 2002 میں لاپتہ ہوا تواس وقت کے چیف ایگزیکٹو کو ذمہ دار ٹھہرا کر ازالے کی ادائیگی کا کیوں نا کہا جائے؟۔

ان کا کہنا تھا کہ جبری گمشدگیوں میں صرف اسٹیٹ نہیں نان اسٹیٹ ایکٹرز بھی آتے ہیں، کسی نا کسی کو تو اس کا ذمہ دار ٹھہرانا چاہیے، اگر کوئی ایک لاپتہ ہو جائے تو اس کا پورا خاندان مشکلات برداشت کرتا ہے۔

سابقہ حکومتوں نے لاپتہ افراد کے معاملے پر کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی، شیریں مزاری

وفاقی وزیر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ آپ کی بات سے اتفاق ہے کہ تمام شہریوں کے حقوق برابر ہیں، ریاست کا ردعمل ہر لاپتہ شہری کے کیس میں ایک جیسا ہونا چاہیئے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ یہ بہت ضروری ہے قانون کی حکمرانی ہو ورنہ اسے نہیں روکا جا سکتا، جس پر شیریں مزاری نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اس پر کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی، ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ ہماری آدھی زندگی غیر جمہوری حکومتوں میں گزری، یہ ان ہی کا کیا کرایا ہے۔

عدالت نے حکومت کو 13 دسمبر تک صحافی اور بلاگر مدثر نارو کی فیملی کو مطمئن کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری سے جواب طلب کر لیا۔

IHC

اسلام آباد

Shirin Mazari

Chief Justice Athar Minallah