بااختیار پارلیمنٹ پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے، آصف زرداری
کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے بانی کے فلسفے اور منشور پر ثابت قدم ہے، بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے ۔
سابق صدر آصف زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے 54ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے بانی کے فلسفے اور منشور پر ثابت قدم ہے، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ملک میں پارلیمانی نظام کیلئے جدوجہد کی تھی اور ملک کو پارلیمانی نظام دیا تھا، آج کے دن ہم اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پارلیمانی نظام کا مکمل دفاع کرتے رہیں گے۔
آصف زرداری نے کہاکہ بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے اور اس سوچ کو شکست دے جو جمہوریت سے نفرت کرتی ہے،اسلام ہمارا دین ہے ،سوشلزم ہماری معیشت ہے ،جمہوریت ہماری سیاست ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔
سابق صدرآصف زرداری نے مزید کہا کہ قائدِ عوام کے دیئے ہوئے منشور کے ساتھ پاکستان پیپلزپارٹی 54 سال سے جدوجہد کرتی رہی ہے، پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی عوام کی طاقت اور ووٹ سے آئی ہے، اس لئے ہماری ترجیح صرف عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے پر مبذول رہی ہے،پی پی کی قیادت اور کارکنوں کو ملک، آئین اور جمہوریت اس لئے سب سے زیادہ عزیز ہے، پی پی نے اس ملک کی دوبارہ تعمیر کی، ملک کو آئین دیا اور عوام کو جمہوری حقوق دیئے۔
Comments are closed on this story.