Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

خوشبو کی شاعرہ پروین شاکر کا آج 70واں یوم پیدائش

کراچی :خوشبوکی شاعرہ پروین شاکرکا آج 70واں یوم پیدائش ہے، ان کی...
شائع 24 نومبر 2021 11:40am

کراچی :خوشبوکی شاعرہ پروین شاکرکا آج 70واں یوم پیدائش ہے، ان کی شاعری کا سحر آج بھی برقرار ہے۔

پروین شاکر ایک نامور شاعرہ ہیں جو 24 نومبر 1952 کو کراچی میں پیدا ہوئیں تھی اور انتہائی کم عمری میں ہی انہوں نے شعر گوئی شروع کردی تھی۔

سن 1990 میں ٹرینٹی کالج سے تعلیم حاصل کی، 1991 میں ہاورڈ یونیوسٹی سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔

پروین شاکر نے جامعہ کراچی سے انگریزی ادب میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی،وہ استاد کی حیثیت سے درس و تدریس کے شعبہ سے وابستہ رہیں اور پھر بعد میں سرکاری ملازمت اختیار کرلی۔

دوران تعلیم وہ اردو مباحثوں میں حصہ لیتی رہیں، اس کے ساتھ ساتھ وہ ریڈیو پاکستان کے مختلف علمی ادبی پروگراموں میں شرکت کرتی رہیں۔

پروین شاکر کو اردو کی منفرد لہجے کی شاعرہ ہونے کی وجہ سے بہت ہی کم عرصے میں وہ شہرت حاصل ہوئی جو بہت کم لوگوں کو حاصل ہوتی ہے۔

پروین شاکر کے درجنوں شعری مجموعے شائع ہوئے جن میں مشہور خوشبو، ماہ تمام، مسکراہٹ، محبت اور عورت، صد برگ، انکار اور خودکلامی وغیر ہ شامل ہیں۔

پروین شاکر کی شادی ڈاکٹر نصیرعلی سے ہوئی،جن سے بعد میں طلاق لے لی۔

کیسے کہہ دوں کہ مجھے چھوڑ دیا ہے اس نے بات تو سچ ہے مگر بات ہے رسوائی کی

انہوں نے جذبات کو اپنی تصانیف میں نہایت دلفریب انداز میں پیش کیا۔ محبت، درد، تنہائی اور فراق و وصال سے لبریز پروین شاکر کی منفرد کتاب خوشبو منظر عام پر آئی تو شاعرہ کے الفاظ کی مہک چارسو پھیل گئی۔

میں سچ کہوں گی مگر پھر بھی ہار جاؤں گی وہ جھوٹ بولے گا اور لاجواب کر دے گا

خوشبو ان کے کلام کی پہلی کتاب تھی جس نے پھرسے کتابوں کے تحفوں کا رواج ڈالا ، بے باک اندازمیں دل کی بات کہہ دینا آسان نہیں لیکن پروین شاکرکی شاعری میں اس کی جا بہ جا مثالیں ملتی ہیں۔

دشمنوں کے ساتھ میرے دوست بھی آزاد ہیں دیکھنا ہے کھینچتا ہے مجھ پہ پہلا تیر کون

اپنی منفرد شاعری کی کتاب ’’خوشبو‘‘ سے اندرون و بیرون ملک بے پناہ مقبولیت حاصل کی، انہیں اس کتاب پر آدم جی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بعد ازاں انہیں پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی ملا۔

مر بھی جاوں تو کہاں لوگ بھلا ہی دیں گے لفظ میرے، مرے ہونے کی گواہی دیں گے

پروین شاکر کی تصانیف صد برگ، انکار، مسکراہٹ، چڑیوں کی چہکاراور کف آئینہ، ماہ تمام، بارش کی کن من بے پناہ پذیرائی حاصل ہوئی، الفاظ کا انتخاب اور لہجے کی شگفتگی نے ان کو مقبول عام شاعرہ بنادیا۔

اب تو اس راہ سے وہ شخص گزرتا بھی نہیں اب کس امید پہ دروازے سے جھانکے کوئی

عظیم شاعرہ 26 دسمبر 1994 کو ایک ٹریفک حادثے میں 42 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں، پروین شاکر اسلام آباد کے مرکزی قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں،وہ اپنے خوبصورت اشعار کے ذریعے اردو ادب کے چمن میں ہمیشہ مہکتی رہیں گی۔

karachi

Celebration