عمران خان کو لانے والے اب اعتراف کر رہے ہیں کہ ان سے غلطی ہو گئی، آصف زرداری
اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو لانے والے اب اعتراف کر رہے ہیں کہ ان سے غلطی ہو گئی،اب وہ اس غلطی کو کیسے ٹھیک کریں ۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم سے متعلق سوال پر کہا کہ ہم تو یہ سب پہلے سے دیکھ چکے ہیں، جسٹس قیوم اور بیرسٹر سیف الرحمان کی آڈیو سکینڈل میں سب ایسا ہی کچھ ہوا تھا۔
مریم نواز سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ مریم نوازمیری بیٹیوں جیسی ہیں، ان کی درخواست سے متعلق کوئی بات نہیں کروں گا۔
آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو لانے والے اب اعتراف کر رہے ہیں کہ ان سے غلطی ہو گئی، اب وہ اس غلطی کو کیسے ٹھیک کریں یہ اللہ کو بہتر معلوم ہے،عمران خان کی حکومت مدت پوری نہیں کرے گی۔
نیو یارک اپارٹمنٹ کیس : آصف زرداری کی عبوری ضمانت 23 نومبر تک منظور
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیو یارک اپارٹمنٹ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت 23 نومبر تک منظور کر لی۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے نیو یارک اپارٹمنٹ کیس میں آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، سابق صدر وکلا ءکے ہمراہ پیش ہوئے۔
عدالت نے آصف علی زرداری کی ضمانت 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض 23 نومبر تک منظور کر لی۔
احتساب عدالت نے درخواست پر نیب کو بھی نوٹس جاری کر دیا ۔
Comments are closed on this story.