شیخوپورہ میں اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی، 3طالبات جاں بحق
شیخوپورہ میں ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی، حادثے میں 3طالبات جاں بحق جبکہ 8زخمی ہوگئیں۔
اسکول وین اور ٹرین میں تصادم کا افسوسناک واقعہ شیخوپورہ کے علاقے واربرٹن کے قریب پیش آیا،جہاں بغیر پھاٹک ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے اسکول وین راوی ایکسپریس کی زد میں آگئی۔
حادثے میں 3طالبات جاں بحق اور8 زخمی ہوگئیں، زخمی طالبات کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال شیخوپورہ منتقل کردیا گیا۔
ڈی ایس ریلوے کا کہنا ہے کہ حادثہ سکول وین ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے پیش آیا، پاکستان ریلوے بغیر پھاٹک ریلوے کراسنگ عبور کرنے کے حوالے سے پہلے ہی سیفٹی مہم چلا رہا ہے۔
لواحقین کا کہنا ہے حادثہ حکومتی غفلت کے باعث پیش آیا،ریلوے کراسنگ پر پھاٹک موجود ہوتا تو قیمتی جانیں بچ سکتی تھی۔
حادثے کے بعد علاقہ مکینوں نے ٹرین کو روک کر احتجاج ریکارڈ کروایا جبکہ ریلوے حکام نے حادثے کا ذمہ دارا سکول وین ڈرائیور کو قرار دیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے شیخوپورہ کے قریب ٹرین اور اسکول وین میں تصادم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
عثمان بزدار نے جاں بحق طلبہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ زخمی بچوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
Comments are closed on this story.