او آئی سی وفد کا لائن آف کنٹرول کا دورہ، بھارتی مظالم پر بریفنگ
راولپنڈی :او آئی سی کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے نے وفد کے ہمراہ کنٹرول لائن کا دورہ کیا جہاں انہیں بھارتی مظالم پر بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے نے وفد کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں ایل او سی پر سیکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران اور بھارتی مظالم پر بریفنگ دی گئی۔
وفد میں اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل طاقر علی، سعودی عرب، مراکش، سوڈان اور مالدیپ سمیت 5 سفارتکار بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مندوبین نے بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے متاثرین سے بھی بات چیت کی ،وفد نے مظفرآباد میں صدر آزاد جموں و کشمیر سے بھی ملاقات کی اور مظفرآباد کے شہریوں سے بھی بات چیت کی۔
مندوبین آج پناہ گزینوں کے کیمپ اور ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کا دورہ کریں گے، وفد مظفرآباد میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ سے ملاقات کرے گا اور وزیراعظم آزاد کشمیر اورقانون ساز اسمبلی میں مختلف سیاسی نمائندوں سے بھی ملاقات کرے گا۔
Comments are closed on this story.