Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

'تاوان کیلئے آریان خان کے اغوا کی کوشش، سیلفی سے کھیل خراب'

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک نے کہا ہے کہ شاہ رُخ خان...
اپ ڈیٹ 10 نومبر 2021 12:24pm
پریس ٹرسٹ آف انڈیا
پریس ٹرسٹ آف انڈیا

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک نے کہا ہے کہ شاہ رُخ خان کے صاحبزادے آریان خان کو تاوان کے لیے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن 'کھیل ایک سیلفی کی وجہ سے خراب ہو گیا۔'

بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق نواب ملک نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) ممبئی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے پر اغوا کے منصوبے کا حصہ ہونے کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ اس کے پیچھے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ موہت کمبوج کا ہاتھ ہے۔

مہاراشٹرا کے وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آریان خان جیسے لوگوں کو جہاز پر بلا کر انہیں منشیات کے کیس میں پھنسانے کے لیے سازش کی گئی تھی۔

اتوار کی صبح نواب ملک نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ’ایک عدالت میں کہا گیا تھا کہ آریان خان نے کسی کروز کی ٹکٹ نہیں لی اور وہ وہاں نہیں گئے۔ وہ پراتیک گابا اور امیر فرنیچر والا کی وجہ سے گئے تھے۔ میں سیدھا سیدھا کہنا چاہتا ہوں کہ یہ اغوا اور تاوان کا معاملہ ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے لیڈر موہت کمبوج کے کسی جاننے والے نے ’جال بچھایا تھا‘۔

’آریان خان کو وہاں لے جایا گیا۔ اغوا اور 25 کروڑ تاوان کا ایک کھیل شروع ہوا اور 18 کروڑ بھارتی روپے کی ڈیل ہوئی۔ 50 لاکھ بھارتی روپے ادا کیے گئے۔ لیکن ایک سیلفی نے کھیل خراب کر دیا اور یہ سچ ہے۔‘

نواب ملک نے کسی کا نام نہیں لیا لیکن ان کا اشارہ پرائیویٹ تفتیش کار کے پی گوساوی کی آریان خان کے ساتھ سیلفی کی طرف تھا، جو ریڈ کے بعد وائرل ہوئی تھی۔

پرائیویٹ تفتیش کار کے پی گوساوی کی آریان خان کے ساتھ سیلفی
پرائیویٹ تفتیش کار کے پی گوساوی کی آریان خان کے ساتھ سیلفی

وزیر نے بی جے پی لیڈر موہت کمبوج کو اس کیس کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا اور الزام لگایا کہ وہ اس بھتہ خوری میں انسداد منشیات افسر سمیر وانکھیڑے کے ساتھی تھے۔

نواب ملک کا کہنا تھا کہ کاشف خان سمیت منتظمین کا ارادہ تھا کہ وفاقی وزیر اسلم شیخ اور کئی وزرا کے بچوں کو کروز پر لایا جائے۔

’وہ مہاراشٹر کی حکومت کو بدنام کرنا چاہ رہے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا۔‘

موہت کمبوج نے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

انہوں نے رواں ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ کروز پر منشیات کیس کے گرد 'جھوٹا بیانیہ' بنایا جا رہا ہے جس میں مہاراشٹرا کے وزرا ممکنہ طور پر شاہ رُخ خان سے بھتہ لینا چاہ رہے ہیں۔

25 کروڑ روپے کے مطالبے کا دعویٰ، 18 کروڑ روپے کی ڈیل اور 50 لاکھ روپے کی ادائیگی کے دعوے کیس میں گواہ بنائے جانے والے پرابھاکر سائل نامی ایک شخص نے کیے تھے۔

یہ شخص خود کو کے پی گوساوی کا باڈی گارڈ کہہ رہا تھا اور اس نے کے پی گوساوی اور سیم ڈیسوزا کو 3 اکتوبر کو 18 کروڑ روپے کی کسی ڈیل کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنا تھا۔

پرابھاکر سائل کے مطابق انہوں نے سنا تھا کہ کے پی گوساوی کا کہنا تھا کہ انہیں آٹھ کروڑ روپے سمیر وانکھیڑے کو دینے ہوں گے۔

تاہم مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے ان الزامات کو ’سچ سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ اتوار کو ’سچ کو بے نقاب کریں گے۔‘

واضح رہے کہ آریان خان کو ممبئی کے ساحل کے قریب گذشتہ ماہ سمیر وانکھیڑے کی سربراہی میں مارے جانے والے چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

اس چھاپے کے دوران مبینہ طور پر منشیات برآمد کی گئی تھیں۔ تاہم بعد ازاں ممبئی ہائی کورٹ نے آریان خان کو ضمانت دے دی تھی۔

Kidnapping for Ransom

Aryan khan

BJP leader