نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا
اسلام آباد:نیپرا نے بجلی کی قیمت میں ایک بارپھراضافہ کردیا، ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے52 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا گیا ، قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
بجلی کی قیمت ایک بار پھر بڑھ گئی، اس بار2روپے52 پیسے فی یونٹ کا جھٹکا دیا گیا ہے ،جس سے 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اضافہ ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا جو نومبر2021 کے بلوں میں وصول کیا جائے گا ۔
اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پرنہیں ہوگا تاہم دیگر صارفین پر حالیہ اضافے سے30ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
وائس چیئرمین نیپرا نے قیمتوں سے متعلق اضافی نوٹ میں لکھا کہ این پی سی سی روزانہ کی بنیاد پر بجلی کی پیداوار سے متعلق نیپرا کی ہدایات پرعملدرآمد کرنےمیں ناکام ہے، قانونی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیئے ، ناکامی کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا جا سکتا۔
Comments are closed on this story.