Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حوثیوں کے حملوں سے دہشت زدہ زخمی یمنی بچے کی ہذیانی آہ و بکا کی ویڈیو

سوشل میڈیا پر چند منٹ پر مشتمل یمن کے مارب صوبے کے ضلع الجوبہ کے...
شائع 03 نومبر 2021 09:30am
-اسکرین شاٹ
-اسکرین شاٹ

سوشل میڈیا پر چند منٹ پر مشتمل یمن کے مارب صوبے کے ضلع الجوبہ کے ایک یمنی بچے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ وڈیو میں بچہ زخمی حالت میں ہسپتال کے بستر پر چلاتا اور آہ و بکا کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

یہ وڈیو اُن شہروں کے بچوں پر طاری خوف و دہشت کو ظاہر کرتی ہے جن کو حوثی ملیشیا کی جانب سے حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان وحشیانہ کارروائیوں نے عسکری، شہری ، بڑے یا بچے کسی کو بھی نہیں بخشا ہے۔

یمنی وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے پیر کی شام اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر یہ ویڈیو پوسٹ کی۔ وڈیو میں حوثیوں کے راکٹ سے زخمی ہونے والا ایک بچہ ہسپتال کے بستر پر علاج کے دوران ہذیانی کیفیت میں بول رہا ہے 'حوثیوں نے حملہ کر دیا ، حوثیوں نے حملہ کر دیا .... انہوں نے دھماکے سے اڑا دیا۔'

الاریانی نے اس جذباتی منظر پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 'ایک منظر جو یہ بیان کر رہا ہے کہ ایران نواز حوثی ملیشیا کس طرح یمنی بچوں کے لیے دہشت کی علامت بن چکی ہے۔ یہ الجوبہ ضلع کا ایک بچہ ہے جو اپنے گاؤں اور گھر پر حوثی ملیشیا کے حملے کے بارے میں ہذیانی کیفیت میں بات کر رہا ہے۔'

یمنی وزیر کے مطابق حوثیوں کی جانب سے بھڑکائی گئی جنگ نے یمن کے لاکھوں بچوں کے ساتھ یہ کیا ہے۔ جی ہاں وہ بچے جو دنیا کے دیگر بچوں کے بر خلاف تعلیم اور معمول کی طبعی زندگی گزارنے کے حق سے محروم کر دیے گئے ہیں۔

حوثی ملیشیا نے اتوار کے روز مارب صوبے کے جنوبی ضلع الجوبہ میں ایک گاؤں میں وحشیانہ حملہ کیا۔ العمود نامی گاؤں پر دو بیلسٹک میزائل داغے جانے کے نتیجے میں 39 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے۔ الاریانی کے مطابق حملے میں ایک مسجد اور دارالحدیث کو نشانہ بنایا گیا۔ العمود گاؤں مقامی آبادی اور ضلع کے باہر سے نقل مکانی کر کے آنے والے خاندانوں سے بھرا ہوا ہے۔

اسی طرح جمعرات کے روز بھی حوثی ملیشیا نے العمود گاؤں میں قبائلی شخصیت شیخ عبداللطيف القبلی کے گھر پر ایک بیسلٹک میزائل داغا تھا۔ اس کے نتیجے میں عورتوں اور بچوں سمیت 12 شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

yemen

Video

Houthi Attack