Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ضرورت پڑی تو کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں،فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ریاست کو کمزور نہ...
شائع 30 اکتوبر 2021 10:10am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ریاست کو کمزور نہ سمجھا جائے، ہم نہیں چاہتے کہ ملک کا امن خراب ہو لیکن اگر دباؤ ڈالا گیا تو ہم آخری حد تک جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ 6 روز سے جی ٹی روڈ بلاک ہے، ہم نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا ہے لیکن حکومت یہ مذاق زیادہ دیر برداشت نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سڑکوں پر خون بہتا نہیں دیکھنا چاہتے اسلئے معاملہ کی پرامن حل کےلئے کوشاں ہیں، ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں لیکن اگر ضرورت پڑی تو ہم کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔

فواد نے کہا کہ مذاکرات آئین و قانون کے مطابق ہوتے ہیں۔ تصادم کی صورت میں انہیں کچھ بھی نہیں ملے گا لہذا یہ لوگ پرامن طریقے سے واپس چلے جائیں۔

وزیر اطلاعات بولے، حالات کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کی لیڈرشپ کو چاہیے کہ واپس اپنے مقامات پر چلی جائے، بات چیت وہاں سے بھی ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا 5 واں بڑا ملک اور ایٹمی طاقت ہے مگر مظاہروں سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے یہ معاملہ زیادہ دیر نہیں چل سکتا، بہت مشکل سے معیشت مستحکم ہوئی اور جس وقت ڈالر نیچے آنا شروع ہوا تو تصادم شروع کردیا گیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے بڑے بڑے دہشتگرد گروپوں کو شکست دی ہے، ايک جتھہ لیکر آگئے اور حکومت کا مذاق اڑايا جا رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے ہاتھوں11 پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں امن وامان برقرار رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے مظاہرين کو حد سے آگے جانے کی اجازت نہيں دی جاسکتی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے کام کرنے والے پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے و الے اداروں کو سلام پیش کرتے ہے۔

fawad chaudhry

TLP