Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

”عوام سمجھ گئے ہیں جب الیکشن چوری ہوگا تو پھر معاملات مشکلات کا شکار ہوں گے“

کراچی: مسلم لیگ ( ن)کے رہنماء شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں ملک میں...
شائع 28 اکتوبر 2021 01:01pm

کراچی: مسلم لیگ ( ن)کے رہنماء شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے 4ہفتوں میں روپیہ مزید کمزور ہوگیا ہے، عوام سمجھ گئے ہیں جب الیکشن چوری ہوگا تو پھر معاملات مشکلات کا شکار ہوں گے، تمام چیزوں کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

کراچی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نیا نیب کا قانون بھی آگیا ہے جو نیب کے چیئرمین کی نوکری میں توسیع کیلئے لایا گیا، یہ آرڈیننس بد نیتی پر مبنی ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ تمام چیزوں کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، 3ہفتے تک ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا معاملہ چلتا رہا ہے، یہ معاملہ کیوں پبلک ڈومین میں آیا کچھ سمجھ نہیں آیا۔

سابق وزیراعظم کامزیدکہنا تھا کہ 4ہفتوں میں روپیہ مزید کمزور ہوگیا ہے، عوام سمجھ گئے ہیں جب الیکشن چوری ہوگا تو پھر معاملات مشکلات کا شکار ہوں گے، پورے ملک میں پی ڈی ایم مظاہرے کررہی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تحفے تحائف جو حکومت کے نمائندوں کو ملتے ہیں اس کو پبلک کرنے کی ضرورت ہے،حکومت خود اس معاملے میں عدالت چلی گئی ہے۔

پی ایس او میں غیرقانونی بھرتی کیس میں شاہد خاقان عباسی احتساب عدالت میں پیش ہوئے، کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی 18 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔