Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شکّی بیوی پر ابرارالحق کا نیا گانا، سوشل میڈیا پر بحث

چند ماہ قبل ابرارالحق نے ایک سرکاری تقریب میں پاکستانی ماؤں پر...
شائع 28 اکتوبر 2021 12:18pm

چند ماہ قبل ابرارالحق نے ایک سرکاری تقریب میں پاکستانی ماؤں پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ آج کل کی مائیں بچوں کو موبائل فون پکڑا دیتی ہیں اور اس پر چل رہا ہوتا ہے "بے بی شارک ڈو ڈو"۔ انہوں نے تقریب میں یہ گانا گنگنایا بھی۔

ابرارالحق نے طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ جب وہ بچے تھے تو ان کی ماں انہیں کلمہ سناتی تھیں لیکن آج کے بچے کو ماں فون دے دیتی ہے اور اس پر لگا ہوتا ہے "بے بی شارک ڈو ڈو ڈوڈو، بے بی شارک"۔

تقریر کے بعد خصوصاً خواتین کی جانب سے ان کو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لیکن اس تنقید کے باوجود ابرار الحق نے جو نیا گانا بنایا ہے اس کی دھن "بے بی شارک ڈو ڈو" کی کاپی ہے۔

گانے کے بول ہیں "بیگم شک کرے ڈو ڈو ڈو ڈو" اور اس گانے میں پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر بھی ہیں، جنہیں ایک شکی بیوی دکھایا گیا ہے۔

اس نئے گانے پر رابعہ بلوچ نامی صارف نے لکھا کہ 'ابرار الحق نے میرے لئے "بے بی شارک" کو برباد کر دیا ہے۔‘

جاسر شہباز نامی صارف نے بھی ابرارالحق کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’ابرارالحق کو شرم چھو کے نہیں گزری، پہلے ان ماؤں کا مذاق اڑایا جو اپنے بچوں کے لیے بے بی شارک سناتی ہیں اور اب بے بی شارک کا یہ ورژن گا دیا بیویوں سے متعلق جوکس پر۔‘

تاہم یوٹیوب پر صارف ان کے گانے کی تعریف بھی کر رہے ہیں۔ منال خان نامی صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ان گانوں کے حوالے سے سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس سے موڈ فوراً اچھا ہو جاتا ہے۔‘

نوید اقبال نامی یوٹیوب صارف نے لکھا کہ ’ابرار الحق وہ شخص ہیں جو ہمیشہ عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے ہیں۔‘

اس گانے کو اب تک پانچ لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ ابرارالحق کے ساتھ صبا قمر پر بھی تھوڑی سی تنقید دیکھنے میں آ رہی ہے۔

حرا عظمت نامی صارف نے کہا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا کہ صبا قمر نے عرفان خان سے ابرار الحق تک کا سفر کیسے طے کیا۔

صبا قمر متعدد پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں کام کے ساتھ ساتھ انڈیا میں آنجہانی اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں بھی کام کر چکی ہیں۔

saba qamar

Abrar ul Haq