افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد مستعفی
افغانستان کے ليے امريکی نمائندہ خصوصی زلمے خليل زاد اپنی ذمہ داریوں سے مستعفی ہوگئے، ان کی جگہ تھامس ويسٹ کو تعينات کيے جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تھامس ويسٹ حال ہی ميں طالبان رہنماوں کے ساتھ ملاقاتوں ميں شريک رہے ہیں۔
استعفا ایسے وقت پر سامنے آیا جب امریکا نے روس کی جانب سے افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس سے دستبرداری اختیار کی۔
عہدہ چھوڑنے سے قبل زلمے خلیل زاد کو بائیڈن انتظامیہ کے طالبان کے ساتھ پہلے رسمی مذاکرات سے خارج کیا گیا تھا۔
زلمے خليل زاد افغانستان میں پیدا ہوئے اور اس عہدے پر 2018 سے فائز تھے۔ انہوں نے طالبان کے ساتھ مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، جس کے نتیجے میں فروری 2020 میں امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کا معاہدہ ہوا تھا۔
اس کے بعد انہوں نے سخت گیر اسلامی تحریک اور افغان صدر اشرف غنی کی حکومت پر زور دیا تھا کہ دہائیوں کی کشیدگی ختم کرنے کے لیے سیاسی حل نکالا جائے۔
تاہم اگست کے وسط میں افغانستان کی حکومت ختم ہوگئی کیونکہ طالبان نے پورے ملک پر کنٹرول کر لیا تھا اور بغیر کسی مخالفت کے دارالحکومت کابل میں داخل ہو گئے تھے۔
Comments are closed on this story.