Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جہانگیر ترین کی شوگر مل کیخلاف کارروائی، 900 من چینی کی اسمگلنگ ناکام

پنجاب حکومت نے چینی کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے چینی...
شائع 18 اکتوبر 2021 02:01pm

پنجاب حکومت نے چینی کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے چینی کی منتقلی کی کوشش ناکام بنا کر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

جے ڈی ڈبلیو شوگر مل یونٹ نمبر ایک رحیم یار خان سے غیر قانونی طور پر چینی کی کوئٹہ منتقلی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

محکمہ خوراک کے مطابق 9 سو من چینی غیر قانونی طور پر کوئٹہ منتقل کی جارہی تھی، محکمہ کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹرک کو چاچڑاں ٹول پلازہ کے مقام پر پر تحویل میں لے لیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں جس میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں شوگر ملز کو جرمانے کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس جواد حسن نے شوگر ملز مالکان کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ مہنگی چینی بیچنے کا الزام لگا کر شوگر ملز کو جرمانے کیے گئے، مسابقتی کمیشن نے جرمانوں کی وصولی کے لیے نوٹسز جاری کردئیے، معاملہ پہلے سے ہی عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہے جرمانے نہیں کیے جاسکتے، عدالت جرمانوں کی وصولی کا نوٹس کالعدم قرار دے۔

عدالت نے شوگر ملز کو جرمانے کرنے کے فیصلہ پر عمل درآمد روکنے کا حکم دیتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے، اور کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

Jahangir Tareen